ڈھاکا (نمائندہ خصوصی)پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈکوچ نے ملائشین ہاکی کنفڈریشن کی جانب سے طبی وجوہات کی بناء پر ایشین چمپین ٹرافی میں شرکت سے معذرت پراظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملائشین ہاکی ٹیم کا شمار خطہ کی بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے اور میں چاہتا ہوں کہ ہاکستان ایشیاء کی بہترین ٹیموں کے خلاف کھیلے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی پرفارمنس اسپورٹس کا بنیادی مقصد ہی بہترین ٹیم کے خلاف کھیلنا ہوتا ہے۔ نو تعینات ہیڈ کوچ قومی ہاکی ٹیم سیگفرائیڈ ایکمین نے کہا کہ دوران ایونٹ میں باریک بینی سے جانچ کرونگا کہ ٹیم کے کھلاڑیوں میں کیا خوبیاں اور خامیاں ہیں اور ہائی پرفارمنس حاصل کرنے کے لیے کن شعبوں میں بہتری لانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام ایشیائی ٹیموں کے خلاف مقابلہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ ملائشیا پاکستان کے لیے ایک اچھا ہدف تھا ، اسکی شرکت سے مقابلہ کی فضا مزید بہتر ہوتی۔ ہیڈ کوچ پاکستان ہاکی ٹیم سیگفرائیڈ ایکمین نے کہا کہ ملائشین ٹیم کے کھلاڑیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتاہوں اور انکے کھلاڑیوں کی صحت کے لیے دعاگوہوں۔ میں اْمید کرتا ہوں کہ وہ جلد ہی کھیل کے میدانوں میں جلوہ گر ہونگے۔دوسری طرف ایشین چیمپینز ٹرافی میں شرکت کرنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ اولمپین خواجہ جنید نے کہا ہے کہ ڈیڑھ سال سے کورونا کی وجہ سے ایونٹ کی تواریخ تبدیل ہورہی تھیں اور اب یہ خوشی کی بات ہے کہ یہ میگا ایونٹ شروع ہونے جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی فٹ ہیں اور پرفارمنس کے لئے پرعزم ہیں۔ اولمپین خواجہ جنید نے کہا کہ یہ ایک ورلڈ کلاس ایونٹ ہوگا جس میں خطہ کی بہترین ٹیمیں جلوہ افروز ہونگی۔ کوچ قومی ہاکی ٹیم خواجہ جنید نے کہا کہ ملائشین ٹیم کو کووڈ کی وجہ سے شرکت کی اجازت نہ ملی۔ ملائشین کھلاڑیوں کے لئے یہ لمحہ مایوس کن ہے کہ وہ بھرپور تیاری کے باوجود ایونٹ میں شرکت نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب ہاکی فیملی ہیں اور میں ملائشین ہاکی ٹیم کے لئے دعاگوہوں کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لئے جلد ہی میدانوں کا رخ کرینگے۔