لاڑکانہ،محکمہ اوقاف کی املاک پر قبضے ختم کرانے کیلیے ٹیم تشکیل

555

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) محکمہ اوقاف سندھ کے سیکرٹری غلام عباس ڈیتھو نے کہا ہے کہ محکمہ اوقاف کے زیر نگرانی تمام درگاہوں کی املاک پر قبضے ختم کرنے کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو درگاہوں کا دورہ کرکے رپورٹ پیش کرے گی جس کی روشنی میں قبضے ختم کرانے کے لیے کارروائی کی جائے گی، لاڑکانہ کی مختلف درگاہوں کے دوروں کے سلسلے میں درگاہ قائم شاہ بخاری کا دورہ کرکے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی درگاہ عبداللہ شاہ غازی، سیوہن کے حضرت لال شہباز قلندر اور دیگر درگاہوں پر موجود نذرانے کی پیتیوں میں خردبرد کے خدشے کے باعث وہاں موجود پیتوں میں محکمہ اوقاف اور نیشنل بینک کی جانب سے تالے لگادیے گئے ہیں اور ہر ماہ محکمہ اوقاف ٹیم کی نگرانی میں پیتیوں کو کھول کر رقم اکھٹی کی جاتی ہے تاکہ کسی کو پیتیاں کھولنے کی جرأ ت نہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں محکمہ اوقاف کے 3 ریسٹ ہاؤس ہیں جن میں 48 کمرے تعمیر کیے گئے ہیں جن میں سے 32 کمروں کے آکشن کیے گئے ہیں اس کے علاوہ 13 کمرے کرایے پر دیے گئے ہیں جن کے پیسے محکمے کے اکاؤنٹ میں جمع ہوتے ہیں جبکہ ان درگاہوں کی سی سی ٹی وی کے ذریعے نگرانی بھی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے درگاہوں میں مجموعی طور پر 64 ترقیاتی کام جن میں 32 نئے اور 32 جاری ترقیاتی کام ہیں جبکہ جاری ترقیاتی کام سست رفتاری کا شکار تھے جس کا دورہ کرکے ان کاموں کو وقت پر پایہ تکمیل پر پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ میں موجود درگاہوں پر بھی ترقیاتی کام کروائیں گے تاکہ آنے والے زائرین کو سہولیات فراہم کی جاسکیں۔