وزیراعظم نے گوادر دھرنے کا نوٹس لے لیا،غیر قانونی ماہی گیری کیخلاف سخت کارروائی کا انتباہ ،وزیراعلیٰ بلوچستان کا خیر مقدم

301

اسلام آباد/کوئٹہ( آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے بلآخرگوادر میں احتجاجی دھرنے کا نوٹس لے لیا۔ گوادر میں گزشتہ 29دنوں سے حق دو گوادر کے نام سے تحریک جاری ہے، مظاہروں کی قیادت جماعت اسلامی کے رہنما مولانا ہدایت الرحمن کررہے ہیں، اب ان کا احتجاج رنگ لے آیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ میں نے گوادر کے محنتی ماہی گیروں کے جائز مطالبات کا نوٹس لیا ہے، ٹرالروں سے غیر قانونی ماہی گیری کے خلاف سخت ایکشن لیں گے، اور اس معاملے پر وزیراعلیٰ بلوچستان سے بھی بات کروں گا۔ دوسری جانب وزیراعلی ٰبلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے وزیراعظم کی گوادر تحریک کے مطالبات کے نوٹس کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ حق دو گوادر تحریک کے مطالبات انسانی حقوق کے تحفظ پر مبنی ہیں، صوبائی حکومت اپنی پالیسی اور گوادر تحریک کے مطالبات کے تحت بیشتر اقدامات پر عملدرآمد کررہی ہے صوبائی حکومت کے دائرہ کار میں آنے والے مطالبات پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ صوبائی محکمے غیر قانونی ماہی گیری اور ٹرالنگ کی روک تھام یقینی بنا رہے ہیں، غیر ضروری چیک پوسٹوں کو ختم کر دیا گیا ہے، سرحدی تجارت کا آغاز اور ٹوکن سسٹم کو ختم کردیا گیا ہے، گوادر میں شراب خانوں کے لائسنس منسوخ کردیے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ محکمہ پی ایچ ای کو گوادر شہر میں پانی کے مسائل کے فوری حل کے لیے فنڈز کا اجرا کیا گیا ہے، گوادر اولڈ ٹان کی ترقی کی منصوبہ بندی اور فنڈز فراہم کیے جارہے ہیں جب کہ بجلی سمیت بعض دیگر مطالبات کا تعلق وفاقی حکومت سے ہے، وزیراعظم کی یقین دہانی سے وفاق سے متعلق مطالبات بھی حل ہوںگے۔ میر عبدالقدس بزنجو کا مزید کہنا تھا کہ حق دو گوادر تحریک کے مطالبات پر پیشرفت کے حوالے سے وزیراعظم کو مفصل رپورٹ پیش کریں گے۔