شادی لارج، ٹنڈوآدم، بدین ، ٹنڈوالٰہیار ، میرپورخاص ،(نمائندگان جسارت) اندرون سندھ میں جماعت اسلامی کا بلوچستان کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی سیکڑوں افراد کی شرکت ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شادی لارج میں جماعت اسلامی ضلع بدین کے نائب امیر مولوی غلام رسول احمدانی شادی لارج کے امیر محمد سلیم جونیجو کی قیادت میں بلوچستان میں جماعت اسلامی کے تحت طویل احتجاج اور گوادر مکران کے عوام کو بنیادی سہولیات اور ان کی استحالی کے خلاف آج پورے ملک میں جماعت اسلامی کے احتجاج کی طرح شادی لارج میں بھی ریلی نکالی گئی۔ پریس کلب شادی لارج کے سامنے دھرنا بھی دیا گیا۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ضلع بدین کے نائب امیر مولوی غلام رسول احمدانی نے کہا کہ وہ بلوچستان میں جماعت اسلامی کے احتجاج کی حمایت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ گوادر مکران کے عوام کو فوری طور پر بنیادی سہولیات مہیا کی جائیں اور بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں بسنے والے غریب افراد کو بھی پاکستان کا شہری تصور کیا جائے ان سے ظلم زیادتی بند کی جائے۔ ریلی سے شادی لارج کے امیر محمد سلیم جونیجو نے بھی خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر بلوچستان گوادر کی عوام سے اظہار یکجہتی کے طور پر پورے پاکستان کی طرح جماعت اسلامی ٹنڈوآدم کی جانب سے پریس کلب ٹنڈوآدم کے سامنے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے نائب امیر ضلع سانگھڑ مشتاق احمد عادل، ضلعی جنرل سیکرٹری عبدالغفور انصاری ، مقامی نائب امیر حاجی نور حسن ،جنرل سیکرٹری عبدالرحمن نے خطاب کیاے مقررین نے بلوچستان اور گوادر کے حقوق کے لیے حکومت سے بھرپور مطالبات کیے کہ گوادر کی عوام کو روزگار، تعلیم، صحت، سی پیک میں کیے گئے تمام وعدے اور زندگی کی تمام سہولیات اور صاف پانی فراہم کیا جائے، ماہی گیروں اور مقامی آبادی کو حراساں نہ کیا جائے، منشیات کا کاروبار جو مبینہ طور پر بااثر افراد کی پشت پناہی میں چل رہا ہے اسے فوری طور پرختم کیا جائے۔ مقررین نے کہا کہ گوادر کے مظلوم و محکوموں کی آواز بلند کرنے والے مولانا ہدایت الرحمن اکیلے نہیں جماعت اسلامی پاکستان اس کے ساتھ کھڑی ہے ان شاء اللہ بلوچستان اور گواردر کی عوام کو حقوق دلا کر ہی دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ بلوچستان کی عوام کیلیے جدوجہد کی علامت بن چکے ہیں اپنے جائز حقوق کیلیے آواز اٹھانے پر مولانا کے خلاف غداری کا مقدمہ اور ان کا نام فورتھ شیڈول میں ڈالنے کی شدید مذمت کرتے ہیں وفاقی وصوبائی حکومتیں ریاستی ادارے گوادر اور بلوچستان کے عوام کو ان کا حق دیں مولانا ہدایت الرحمن کی حق دو گوادر کو تحریک مظلوموں کے حقوق غضب کرنے والوں کے لیے نوشتہ دیوار ہے پرامن احتجاج میں لاکھوں مرد و خواتین کی شرکت اہل بلوچستان کے لیے ایک سنگ میل کی صورت اختیار کرگئی ہے۔جماعت اسلامی ضلع بدین کی جانب سے بلوچستان کے مظلوم بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بدین ضلع کے مختلف شہروں بدین، گولارچی ،ٹنڈوباگو، شادی لارج، تلہاراور ماتلی میں ریلیاں نکالی گئیں مرکزی ریلی بدین میں مسجد اقصی سے بدین پریس کلب کے سامنے نکالی گئی ریلی میں سیکڑوں کارکنوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر تھامے ہوئے تھے بدین شہرمیں ریلی کے دوران کراچی اور حیدرآباد جانے والے داخلی و خارجی راستے گھنٹوں بلاک رہے۔ ریلی کی قیادت جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر سیدعلی مردان شاہ نائب امرا سید دائود شاہ گیلانی ،اللہ بچایو ہالیپوٹہ، غلام رسول احمدانی ،عبدالکریم بلیدی جنرل سیکرٹری محمد عظیم منصوری ڈپٹی سیکرٹریز سلیم جونیجو، فتح خان کھوسہ مقامی ناظمین ایازلطیف سومرو، پروفیسر علی احمد بلیدی، مولانا علی گل، پیر علی احمد شاہ ودیگر نے کی ۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر سیدعلی مردان شاہ نے کہا کہ گوادر بلوچستان کے لوگ اپنی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں انہیں اپنے جائز حقوق دیے جائیں بلوچستان رقبہ کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے کوئلے، تیل اور گیس سمیت قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے یہاں کے لوگ ذلت رسوائی والی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ان کو باغی بنانے کے بجائے عوام کو بنیادی سہولیات اور روزگار دیکر اپنا حق دیا جائے ضلع بدین کی عوام گوادر سمیت حقوقِ بلوچستان تحریک کی بھرپور حمایت اور ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔جماعت اسلامی ضلع ٹنڈوالہیار کی جانب سے بھی بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرے سے امیر ضلع ٹنڈوالہیار دیدار حسین بہرانی قیم ضلع عاشق حسین خانزادہ نائب امیر ضلع حاجی شفیق مغل صدر پبلک ایڈ کمیٹی رائو جاوید علی صدر جے آئی یوتھ آصف یاسین امیر شہر عبدالوحید قائم خانی نے خطاب کیا ۔مقررین نے بلوچسان گواردر کے حقوق کے لیے حکومت سے بھرپور مطالبات کرتے ہیں کہ گواردر کی عوام کو روزگار تعلیم کی سہولیات صحت کی سہولیات اور صاف پانی فراہم کیا جائے ماہی گیروں کو حراساں نہیں کیا جائے منشیات کا کاروبار جو سرکاری پشت پناہی میں چل رہا ہے اسے فوری طور پرختم کیا جائے اور مظاہرین نے کہا کہ مولانا ہدایت الرحمن اکیلے نہیں پوری جماعت اسلامی پاکستان اس کے ساتھ کھڑی ہے ان شاء اللہ بلوچستان اور گواردر کی عوام کو حقوق دلا کر ہی دم لیں گے۔گوادر حق دو تحریک بلوچستان کے عوام کی آواز ہے۔اپنے بنیادی حقوق کے حصول کیلیے پرامن اور آئینی جدوجہد کا حق آئین پاکستان ہر پاکستانی شہری کو دیتا ہے۔پرامن عوامی احتجاج اوراس میں لاکھوں بلوچ عوام کی شرکت اہل بلوچستان کے بنیادی حقوق کے لیے سنگ میل کی حیثیت اختیار کرگئی ہے۔پرامن احتجاج کے ذریعے بلوچوں کو ان کے بنیادی حقوق دینے سے ناراض بلوچ نوجوان پہاڑوں سے نیچے اترسکتے ہیں۔ بلوچستان میں اس پرامن احتجاج کے نتیجے میں حقوق ملنے پر وہاں کے نوجوانوں میں امید کی کرن پیدا ہوگی۔آج ہرپاکستانی بلوچ مائوں بہنوں اور بھائیوں سے مکمل اظہار یکجتہی کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی میرپورخاص حاجی نور الہی مغل نے میرپورخاص پریس کلب پر امیرجماعت اسلامی پاکستان محترم سراج الحق کی اپیل پر گوادر بلوچستان کی عوام سے ملک گیر یکجہتی بلوچستان کے حوالے سے منعقدہ عوامی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مظاہرے سے سیکرٹری جماعت اسلامی میرپورخاص محمد رفیق چوہان محمد عاصم شیخ سمیت دیگرذمے داران نے خطاب کیا۔اس موقع پرانہوں نے مزید کہاکہ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ بلوچستان کے عوام کیلیے جدوجہد کی علامت بن چکے ہیں اپنے حقوق کیلیے آواز اٹھانے پر مولانا کے خلاف غداری کا مقدمہ اور ان کا نام فورتھ شیڈول میں ڈالنے کی شدید مذمت کر تے ہیں وفاقی وصوبائی حکومتیں اور ریاستی ادارے گوادر کی عوام کو ان کا حق دیں۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی حق دوگوادربلوچستان تحریک مظلوموں کے حقوق غضب کرنے والوں کیلیے نوشتہ دیوار ہے علاوہ ازین مظاہرین نے اس موقع پر بلوچستان کی عوام سے یکجہتی نعرے لگائے اور انہیں بنیادی حقوق کی فراہمی کامطالبہ کیا۔