لاہور (آن لائن) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ گوادر کے عوام کے مسائل گزشتہ حکومتوں نے حل نہیں کیے‘ الیکشن کمیشن کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں‘ فارن فنڈنگ کیس پر ویسے کام نہیں ہو رہا جیسے ہونا چاہیے‘ الیکشن کمیشن تینوں بڑی پارٹیوں کا فنڈنگ ریکارڈ ایک ساتھ سامنے لائے‘ فنڈنگ تحقیقات کا آغاز بے شک پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور (ن) لیگ سے کیا جائے ‘ تمام سیاسی جماعتوں کے کھاتے عوام کے سا منے آنے چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ فواد چودھری نے کہا کہ بلوچستان حکومت عوام کے مسائل ضرور حل کرے گی جبکہ گوادر میں بجلی، پانی اور گیس کے مسائل کا احساس ہے‘ موجودہ حکومت مسائل کے حل کے لیے تیار ہے‘ وزیراعظم نے بلوچستان کی حکومت سے بات کی ہے‘ رواں ہفتے بلوچستان کے لیے سب سے بڑا پیکج لا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہت سی شدت پسند جماعتیں الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہیں‘ ن لیگ کے ایک بھی ڈونر کا ریکارڈ موجود نہیں‘ پیپلزپارٹی کا 2009ء سے 2012ء تک فنڈنگ کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں‘ جے یو آئی کی فنڈنگ پر بہت اعتراضات ہوتے رہے ہیں‘ تحریک لبیک کی فنڈنگ کا کوئی پتا نہیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ پنجاب میں لوکل گورنمنٹ آرڈیننس منظوری پر مبارکباد دیتا ہوں‘ وزیر اعلیٰ سندھ کو ہوش کے ناخن لیں ‘دھمکیاں نہ دیں ‘ گزشتہ روز کی تقریر بھی ٹھیک نہیں تھی ‘ ٹی ٹی پی سے بات چیت جاری ہے، ریاست کی رٹ برقرار رہے گی‘ ٹی ٹی پی قانون کے مطابق چلے گی تو ٹھیک ہے ورنہ ان سے پہلے بھی لڑے تھے اور آئندہ بھی لڑیں گے۔