فیصل آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت ملک کی زرعی، صنعتی،کاروباری، برآمدی، معاشی و اقتصادی ترقی کے لیے کوشاں ہے اور اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں یہی وجہ ہے کہ امسال شاندار فصل کے باعث ہمیں کپاس و چینی درآمد نہیں کرنا پڑے گی‘اضافی پیداوار سے 4 ارب ڈالر کی اضافی برآمدات بھی ہوں گی جبکہ10 ڈیموں کی تعمیر سے10ہزار میگاواٹ سستی بجلی اور آبپاشی کے لیے13ملین کیوبک فٹ پانی دستیاب ہوگا نیز برآمدات بھی34 فیصد بڑھ گئی ہیں جن میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے اور نومبر2021ء میں پاکستان کی تاریخ کی سب سے زیادہ 2.9 ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو پچھلے سال2020ء کی اسی ماہ کی برآمدات سے34 فیصداور نومبر 2018ء کی برآمدات سے47 فیصد زاید ہیں۔ ایوان صنعت و تجارت میں بزنس کمیونٹی سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہماری ایل این جی کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں کیونکہ اس میں ہم امپورٹڈ گیس زیادہ لا رہے ہیں لیکن ہم روس کے ساتھ مل کر گیس پائپ لائن پر کام کر رہے ہیں جبکہ موجودہ ٹرمینل کو روزانہ 10کروڑ روپے کرایے کی مد میں ادا کیے جا رہے ہیں‘ اس طرح یہ سال کا 36 ارب روپیہ بنتا ہے اسی طرح گیس میں بھی500 ارب کا سرکلر ڈیٹ ہوچکا ہے‘3000 ارب قرضوں کی مد میں اور3400 ارب روپیہ صوبوں کے پاس چلا جاتا ہے اس طرح وفاق منفی سے اپنے اخراجات شروع کرتا ہے جس میں دفاع کا خرچہ، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کا خرچہ، ساڑھے6 سو ارب کی سبسڈیز ہیں۔ صحت کے شعبے کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ 31 دسمبر سے پنجاب میں صحت کارڈ جاری کرنے کا کام شروع ہو جائے گا جبکہ آئندہ سال مارچ تک پنجاب کے ہر خاندان کے پاس صحت کارڈ ہو گا جس کے ذریعے وہ 10 لاکھ روپے تک کی طبی سہولتیں مفت حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ فیصل آباد چیمبر کو تمام اہم اداروں کے بورڈ میں نمائندگی دی جائے گی اور اس سلسلے میں وہ اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ماس ٹرانزٹ کے سلسلے میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا ہے کہ فیصل آباد کو بہت جلد الیکٹرک بسیں مل جائیں گی جس سے آلودگی پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو بھی سفری سہولت بھی مل سکے گی۔