ملتان (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بہت ساری قوتیں پاکستان کو کمزور دیکھنا چاہتی ہیں‘ ان کی سازشوں کو ناکام بنائیںگے‘ پاکستان مستحکم افغانستان دیکھنا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے19دسمبر کو اسلام آباد میں او آئی سی وزرا خارجہ کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے جس کا بنیادی مقصد افغانستان کی بہتری اور خوشحالی پر غور کرنا ہے‘ پاکستان نے بھارت سے آنے والوں کے لیے ویزا پالیسی میں نرمی کردی ہے مگر بھارت ایسا نہیں کر رہا‘ حضرت شاہ رکن عالم کے سالانہ عرس میں بھارت سے زائرین ہزاروں کی تعداد میں پاکستان آنا چاہتے تھے مگر ان کے لیے وہاں مشکلات پیدا کی گئیں اور وہ شرکت نہیں کر سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو برصغیر کے عظیم روحانی پیشوا حضرت شاہ رکن عالم سہروردی ملتانی کے 708 ویں عرس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بہت سی قوتیں پاکستان میں استحکام و خوشحالی نہیں دیکھنا چاہتیں اور وہ یہاں پر انتشار چاہتی ہیں مگر اللہ کی مدد ہمارے ساتھ ہے اور ہم ان مسائل پر جلد قابو پالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دعا کریں کشمیر کے شہدا کا خون رنگ لائے اور انہیں آزادی نصیب ہو‘ پاکستان ہر پلیٹ فارم پر کشمیریوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔