کوئٹہ(نمائندہ جسارت)چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نعیم اختر افغان نے وکلاء کو قانونی اخلاقیات اور قانون کی حکمرانی پر لیکچر دیتے ہوئے کہا ہے کہ انصاف کی فراہمی میں وکلاء کا اہم اور کلیدی کردار ہے۔انہوں نے زور دیا کہ وکلاء قانونی اخلاقیات کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر عدالتوں میں مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہوں اور عدالتوں کی بھرپور قانونی معاونت کریں تاکہ سائلین کو انصاف کی جلد فراہمی ممکن ہو۔ انہوں نے وکلاء پر زور دیا کہ مقدمات کے غیر ضروری التواء سے گریز کریں۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ قانون کی حکمرانی قائم کرنے کے لیے عام آدمی سے لے کر کسی بھی ادارے سے وابستہ شخص جس کو قانون نے اختیار دے رکھا ہے ذمہ دار ہے۔ عام شہری پر لازم ہے کہ وہ بطور سائل سچائی کی بنیاد پر اور درست حقائق کے ساتھ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائے۔مختلف اداروں سے وابستہ افراد پر بھی لازم ہے کہ وہ قانون کی حکمرانی کے لیے رولز کے مطابق فیصلہ کریں اور کسی قسم کا امتیاز نہ برتیں۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ قانون سے کوئی بھی شخص بالا تر نہیں ہے۔