لاہور (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ منی بجٹ قومی اسمبلی سے منظور ہونا قومی خودکشی ہوگی‘ ہم اسے روکنے کے لیے متحدہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی بنائیں گے۔ اپنے ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی خودمختاری خطرے میں ہے‘ تبدیلی کا سونامی معیشت، روزگار اور عوام کی خوشیوں کو نگل گیا ہے‘ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں کمی کا ریلیف اب تک عوام کو نہیں مل سکا‘ عوام کے لیے اعلان کردہ معاشی ریلیف پیکج کا اثر تو نہیں پہنچا البتہ بجلی گیس اور اشیاکی قیمت مزید بڑھ چکی ہے۔شہبازشریف نے کہا موجودہ حکومت قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن گئی ہے‘ منی بجٹ کے ملک اور قوم کے لیے تباہ کن اثرات پر حکومتی ارکان اوراس کے اتحادیوں کے احساس کو جگانے کی کوشش کریں گے، ایک اور منی بجٹ کینسر کا علاج اسپرین سے کرنے کے مترادف ہے‘ حکومت آئی ایم ایف کا تیارکردہ منی بجٹ پیش کرنے کے بجائے استعفا دے۔