سراج الحق کی اپیل پر آج ملک گیر ’’یوم یکجہتی بلوچستان‘‘ منایا جارہا ہے

157

 

 

لاہور/کوئٹہ /کراچی(نمائندگان جسارت+ اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پرآج پورے ملک میں ’’یوم یکجہتی بلوچستان‘‘ منایا جا رہا ہے۔ تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں ’’گوادر کو حق دو تحریک‘‘ سے اظہار یکجہتی اور بلوچستان کے عوام کے حقوق کے لیے ریلیاں نکالی جائیں گی اور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، جس میں لاکھوں کی تعدادمیں عوام شرکت کریں گے۔منصورہ سے جاری ایک بیان میں
سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق ’’یوم یکجہتی بلوچستان‘‘ کے سلسلے میں پشاور میںہونے والے جلسے سے خطاب کریں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔انھوں نے کہا کہ اسلام آباد، کراچی، لاہور، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں ہونے والے مظاہروں سے جماعت اسلامی کے قائدین خطا ب کریں گے۔ جماعت اسلامی بلوچستان کے تحت صوبے بھر میں تمام اضلاع کے ہیڈ کوارٹرز،پبلک مقامات پر مظاہرے، ریلیاں نکالی جائیںگی۔ اس سلسلے میں جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام یکجہتی بلوچستان کی مناسبت سے احتجاجی ریلی امیر جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ حافظ نورعلی کی قیادت میںآج بعد نمازظہر 3بجے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے نکالی جائے گی، ریلی سے جماعت اسلامی کے صوبائی وضلعی قائدین خطاب کریں گے۔ جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے ترجمان مجاہد چنا کے مطابق ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی کراچی تا کشمور یومِ یکجہتی بلوچستان بھرپور طریقے سے منایا جائے گا، اس سلسلے میں کراچی ،حیدرآباد، بدین، میرپورخاص،ٹنڈوآدم سمیت متعدد مقامات پر احتجاجی مظاہرے کرکے اہل بلوچستان سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا، احتجاجی مظاہروں سے مرکزی، صوبائی،ضلعی ومقامی رہنما خطاب کریں گے۔ لیاری کراچی میں سہ پہر 3بجے چاکیواڑہ تا لی مارکیٹ یکجہتی بلوچستان واک ہوگی،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، ایم پی اے سید عبدالرشیدلی مارکیٹ چوک پر واک کے شرکا سے خطاب کریں گے۔ ٹنڈوآدم میں ساڑھے 4بجے پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ ہوگا، میرپورخاص میں دوپہر 2بجے پریس کلب پر مظاہرہ ہوگا، بدین ضلع کے 5 مقامات بدین، گولارچی، تلہار،ٹنڈوباگو اور شادی لارج میں مظاہرے ہوں گے۔