حکومت گوادر میں عوامی احتجاج کا فوری حل نکالے، مصطفی نواز

454

رہنماء پیپلزپارٹی سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گوادر میں جاری عوامی احتجاج کا فوری حل نکالے، پرامن عوامی احتجاج اور اس میں ہزاروں افراد کی شرکت گوادر کے عوام کی اخلاقی فتح ہے۔

ہفتہ کو ایک بیان میں مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ اگر ہمارے فیصلہ سازوں میں سمجھ بوجھ ہو تو اس احتجاج کو مثبت انداز میں دیکھیں، بلوچستان میں پر تشدد علیحدگی پسند تحریکیں اس احتجاج سے کمزور ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ جب پہاڑوں میں موجود نوجوان دیکھیں گے کہ پرامن احتجاج سے مطالبات منوائے جا سکتے ہیں تو وہ بھی بندوق پھینک دیں گے، حکومت کو ہر صورت پرامن مظاہرین کے ساتھ بیٹھ کر ان کے جائز مطالبات ماننے چاہیے۔

مصطفی نواز کھوکھر نے ریاستی جبر اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جبر اور گرفتاریوں کے ذریعے عوام کی آواز کو نہیں دبایا جا سکتا۔