میانمر: کٹھ پتلی حکومت نے فوج کو بے قصور قرار دیدیا

293

نیپیداؤ (انٹرنیشنل ڈیسک) میانمر میںآمر فوجکی بنائی ہوئی کٹھ پتلی حکومت نے 11 افراد کے قتل عام کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور جعلی قرار دے دیا ہے۔ ایسی خبریں میڈیا میں رپورٹ ہوئی ہیں کہ میانمر کی فوج نے ملک کے شمال مغرب میں 11افراد کو لائن میں کھڑا کر کے ہلاک کیا ہے۔ ان افراد کی پھٹی کٹی لاشیں بعد ازاں مقامی دیہاتیوں نے دریافت کی تھیں۔ قتل عام کے اس مبینہ واقعے پر عالمی برداری کی طرف سے سخت تنقید کی گئی تھی جب کہ ملک کی کٹھ پتلی حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ اس واقعے کی مکمل چھان بین کرے۔ جمعہ کے روز سرکاری اخبار گلوبل نیو لائٹ نے ایک آرٹیکل میں لکھا کہ حقائق کو کچل کر پیش کیا جا رہا ہے اور یہ الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ یہ قتل عام ملکی فورسز نے کیا ہے۔ ایک ایسی وڈیو منظر عام پر آئی ہے، جس میں ہلاک شدگان کی مسخ شدہ لاشیں دیکھی جا سکتی ہیں۔ دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ امریکا نے ان اطلاعات کے موصول ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ۔ پرائس نے کہا ہے کہ ہمیں ان معتمد اور پریشان کن اطلاعات پر انتہائی دکھ ہوا ہے کہ میانمر میں فوج نے 11افراد کونذر آتش کر دیا۔