انسانی حقوق کا احترام نہ ہوتو اسے جمہوری نظام نہیں کہتے، شہباز شریف

152

لاہور (آن لائن)انسانی حقوق کا احترام نہ ہوتو اسے جمہوری نظام نہیں کہتے‘ شہباز شریف۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر فلسطین اور کشمیرکے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انسانی حقوق کے عالم گیر اعلامیہ کو منظور ہوئے 73 سال گزر گئے، فلسطین اور کشمیر کے مظلوم وعدوں کے ایفا ہونے کے منتظر ہیں ۔عالمی انسانی حقوق کے لیے عالمی سطح پر ایک پیمانہ اور مساوی انداز اپنانے سے ساکھ بن سکتی ہے ۔اقوام متحدہ، سلامتی کونسل، انسانی
حقوق کے یواین کے اداروں اور عالمی تنظیموں کو فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ کرنا ہوگا ۔اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو سوچنا ہوگا کہ انسانی حقوق کے عالم گیر اعلامیہ کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرنے والی ریاستیں کیوں احتساب سے مستثنا ہیں؟اقوام عالم کو انسانی حقوق کے دنیا میں یکساں نفاذ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اجتماعی دانش بروئے کار لانا ہوگی ۔دنیا بھر میں انسانی حقوق کے احترام، بلاامتیاز اطلاق کے لیے جامع اور مسلسل کوششوں کا عہد کرنا ہوگا ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان میں انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے بہت کام کرنا باقی ہے ۔شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلیے ریاستی اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا ۔شہریوں کی شکایات کے ازالے کے منصفانہ نظام کی تشکیل، اصلاح اور تنظیم نو درکار ہے ۔جس نظام میں شہریوں کے انسانی حقوق کا احترام، تحفظ اور فروغ نہ ہو اسے جمہوری یا قانونی نظام نہیں کہاجاسکتا ۔تاریخ گواہ ہے کہ انسانوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ لفاظی سے نہیں بلکہ عدل وانصاف کے بے لاگ نفاذ سے ہی ممکن ہوا ہے۔