مہنگائی کو کنٹرول نہ کیا تو پرفارمنس ختم ہو جائیگی،پرویز الٰہی

159

لاہور (نمائندہ جسارت) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے پولیٹیکل کوآرڈینیٹر اسپیکر پنجاب اسمبلی و صدر مسلم لیگ راولپنڈی زبیر احمد خان نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی اور موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے ہدایات لیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مہنگائی کی وجہ سے عوام کو دو وقت کی روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں صرف زبانی جمع خرچ کرنے کے بجائے عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات کرنا پڑیں گے۔ انہوںنے کہا کہ ہمارا مذہب بھی انسانیت کا درس دیتا ہے، عوام کو ریلیف دینا ہی دراصل انسانیت کی خدمت ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اس وقت مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے جامع پلان بنانے کی ضرورت ہے، حکومت جان لے کہ اگر مہنگائی کو کنٹرول نہ کیا توساری پرفارمنس ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں اومی کرون کے مزید کیس سامنے آنے پر صوبوں کو فوری طور پر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہو گا۔ اس موقع پر زبیر خان نے راولپنڈی کے کنٹونمنٹ بلدیاتی الیکشن اور تنظیم سازی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔