ملکی تاریخ میں پہلا ہاکی ہائی پرفارمنس سنٹرقائم کیا جارہا ہے ،ڈی جی اسپورٹس پنجاب

280

ڈائریکٹر جنر ل سپورٹس پنجاب جاوید چوہان کی زیرصدارت ہاکی ہائی پرفارمنس سنٹر کے قیام اور ہاکی لیگ کرانے کے حوالے سے اہم اجلاس جمعرات کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں منعقد ہوا، اجلاس میںپاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ، ہیڈ کوچ قومی ہاکی ٹیم خواجہ جنید ،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ رئوف باجوہ، قانونی مشیراکرام باری سلیمی ودیگرنے شرکت کی، اجلاس میں ہاکی کے ہائی پرفارمنس سنٹر کے قیام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال اور ہاکی لیگ کرانے پر بھی غور کیا گیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب جاوید چوہان نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلا ہاکی ہائی پرفارمنس سنٹر قائم کیا جارہا ہے جس میں جدید ترین سہولیات فراہم کی جائیں گی، ہائی پرفارمنس سنٹر میں ہاکی کی نرسری تیار کی جائے گی، نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت دی جائے گی،ہائی پرفارمنس سنٹر کیلئے ہاکی کے لیجنڈ کھلاڑیوں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی، ہاکی کا نیا ٹیلنٹ تلاش کیا جائے گا، پاکستان ہاکی فیڈریشن سے مل کر ہاکی کو ایک بار پھر عروج پر لے جائیں گے،پاکستان ہاکی فیڈریشن کوچنگ میں تعاون کرے گی، ہاکی میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کیلئے مل کر کام کریں گے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے کہا ہے کہ ہاکی کے فروغ اور ترقی کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے ہمیشہ تعاون کیا ہے،ہائی پرفارمنس سنٹر کے قیام سے کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات ملیں گی،دنیا کامقابلہ جدید سہولیات کے بغیر نہیں کیا جاسکتا، سپورٹس بورڈ پنجاب کا ہائی پرفارمنس سنٹر کا قیام مستحسن فیصلہ ہے ،ہاکی کو عروج پر لے جانے کے لئے ہر طرح سے تعاون کریں گے۔