تختیاں لگانے کا شوق، گرین لائن سے پی ٹی آئی کا کوئی تعلق نہیں ،شاہد خاقان عباسی 

351

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما  وسابق وزیر اعظم  شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو تختیاں لگانے اور افتتاح کرنے کا شوق ہے، گرین لائن منصوبے سے تحریک انصاف کا کوئی تعلق نہیں، تین ماہ کا کام ساڑھے تین سال میں مکمل ہوا، ملک میں اس وقت جمہوریت ہے نہ پارلیمان، عدالتوں میں کیمرے لگا کر عوام کو کارروائی براہ راست دکھائی جائے، اپوزیشن کو دبانے کیلئے جھوٹے ریفرنس بنائے جاتے ہیں، سب عدالتوں کے چکر لگاتے ہیں، اس کا ذمہ دار کون ہے؟  ۔ جمعہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے (ن) لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بیروزگاری‘ مہنگائی اور ہر طرف ملکی مسائل ہیں۔ کیا ملک میں کوئی غیر متنازعہ آدمی نہیں،انصاف کا نظام سب کو نظر آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو دبانے کے لئے بے بنیاد کیسز بنائے جارہے ہیں، احتساب کا ادارہ خود حساب نہیں دے رہا۔  انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں کیمرے لگا کر عوام کو کاروائی  براہ راست دکھائی جائے سب عدالتوںکے چکر لگاتے ہیں اس کا ذمہ دار کون ہے۔  انہوں نے کہا کہ میں کراچی کی عوام کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ گرین لائن کا افتتاح ہونے جارہا ہے جو تین ماہ کا کام تھا وہ ساڑھے تین سال میں مکمل ہوا، ایک نہ ایک دن انصاف ضرور ہوگا، نام نہاد احتساب کرنے والوں کا بھی احتساب دیکھیں گے۔  اس حوالے سے رہنما پیپلز پارٹی شیریں رحمن نے کہا کہ آصف علی زرداری کے خلاف نیب ریفرنسز پر عدالتی ریمارکس  ہمارے موقف کی تائید ہیں۔ آصف زرداری پر بغیر ثبوت کے ریفرنسز بنائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہی سوال کرتے ہیں کہ جب  ثبوت نہیں تو ریفرنس کس کے کہنے پر بنائے جاتے ہیں۔ تعجب کی بات ہے کہ عدالت ثبوت مانگ رہی ہے، آصف زرداری کے خلاف ثبوت ہیں تو پیش کیوں نہیں کئے جاتے۔ آصف زرداری بارہ سال جیل کاٹ چکے۔ انہوں نے کہا کہ نیب اور حکومت گٹھ جوڑ اب بے نقاب ہوچکا ہے۔