پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی انسانی حقوق کی ایک دفاع کار جماعت ہے۔پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں انسانی حقوق کی پاسداری کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہے کہ جمہوریت کو مضبوط اور جمہوری روایات کو پروان چڑھایا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حقیقی جمہوری معاشروں میں انسانی حقوق پر مصلحت کا تصور بھی نہیں کیا جاتا، پاکستان میں انسانی حقوق کی پائمالی کے لیے ہمہ وقت تیار عناصر ہر جگہ موجود ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مذکورہ صورتحال کا سبب پاکستان میں طویل عرصے تک آمروں اور ان کی کٹھ پتلیوں کا برسرِاقتدار رہنا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید بھٹو کی جانب سے قوم کو پیش کردہ متفقہ آئین تمام انسانی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، پی پی پی حکومتوں نے بنیادی انسانی حقوق کی حفاظت کے لیے کثیر الجہتی قانونی اصلاحات کی ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ادارہ جاتی میکنزم کے قیام سمیت متعدد انقلابی نوعیت کے اقدامات بھی کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افسوس ہے، آج دنیا انسانی حقوق کا عالمی دن منا رہی ہے، لیکن مقبوضہ وادی میں حقوقِ انسانی کا استحصال جاری ہے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے اپنا فرض نبھانا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ پی پی پی قیادت اور جیالے پاکستان سمیت پوری دنیا میں انسانی حقوق کے تحفظ کی لڑائی میں ہمیشہ فرنٹ لائین پر اپنا کردار نبھاتے رہیں گے۔