۔12 دسمبر کو گوادر کو حق دو تھریک کیلیے مظاہرے ہوں گے ، جاوید قصوری

220

 

لاہور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر 12دسمبر کو پنجاب کے تمام اضلاع میں اہل بلوچستان کے ساتھ اظہار یکجہتی اور گوادر کو ’’حق دو تحریک‘‘ کی مکمل حمایت و تائید کے لیے مظاہرے کیے جائیں گے۔ جس میں ہزاروں افراد اپنے بلوچستان کے بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے۔ بلوچستان کے عوام کو بھی بنیادی سہولیات ملنے چاہییں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عوام کو طفل تسلیاں دینے کے بجائے مہنگائی کنٹرول کریں۔ عوام کو یہ نہ بتایا جائے کہ دنیا میں پاکستان سستا ترین ملک ہے بلکہ عوام کی زندگی میں جو مشکلات کا لا متناہی سلسلہ شروع کردیا ہے اس پر جواب دیا جائے۔ حکومتی وزراء کے مہنگائی کم کرنے کے حوالے سے بیانات محض ڈنگ ٹپاؤ اور لوگوں کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانے کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں۔ ادویات کی قیمتوں میں 400فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے۔ ایک طرف تحریک انصاف کی حکومت نے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے جبکہ دوسری طرف علاج معالجے کی سہولیات کو بھی چھینا جارہا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی صرف اشتہارات میں نظر آتی ہے۔ کوئی ایک شعبہ بھی ایسا نہیں جس کی مثالی کاکردگی کو دیکھ کر حکمران 22کروڑ عوام کو مطمئن کرسکیں۔ لوگوں کاان ظالم حکمرانوں سے اعتماد اٹھ چکا ہے۔ آزمائے ہوؤں کو بار بار آزما نا درست نہیں ہے، اس لیے عوام آئندہ انتخابات میں ان کو مسترد کرتے ہوئے جماعت اسلامی کی صاف و شفاف اور محب وطن قیادت پر اعتماد کا مظاہرہ کریں۔ ہم ملک و قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔