ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی، سیکورٹی کے سخت انتظامات

203

کراچی (نمائندہ جسارت+ آئی این پی) ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بریک کے بعد ایک بار پھر بحال ہوگئی ، ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم 3سال بعد دوبارہ دورہ پاکستان پر کراچی پہنچ گئی۔ مہمان ٹیم دبئی کے راستے کراچی پہنچی۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ مقامی ہوٹل آمد پر کووڈ 19ٹیسٹ کے بعدکھلاڑی اور آفیشلز ایک دن کے لیے قرنطینہ کریں گے۔ آج (جمعہ کو) نیشنل اسٹیڈیم میں پہلا پریکٹس سیشن ہوگا۔ سیریز 13تا 22دسمبر نیشنل
اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ 3 ٹی ٹوئنٹی میچز اور اتنے ہی ون ڈے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میچز ہوں گے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ویسٹ انڈیز کی قیادت نکولس پوران کریں گے جبکہ ون ڈے میچز میں شائی ہوپ کپتان کی ذمے داری ادا کریں گے۔کیرون پولارڈ انجری کے سبب سیریز سے دستبردار ہوگئے تھے۔ ٹی ٹوئنٹی میں ان کی جگہ رومان پاول اور ون ڈے میں ڈیورنڈ تھامس کو شامل کیا گیا ہے۔ٹی20سیریز کے لیے پاکستان ٹیم میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان، آصف علی،فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمدحسنین، محمدنواز، محمدرضوان، محمدوسیم، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر شامل ہیں جبکہ ون ڈے اسکواڈ میں بابر اعظم، شاداب خان، آصف علی، فخرزمان، حیدرعلی، حارث رؤف، افتخاراحمد، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد نواز، محمدرضوان، وسیم جونیئر، محمد حسنین، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی، عثمان قادر شامل ہیں۔ 13دسمبر کو پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ شام 6بجے ہوگا۔ 14دسمبر کو دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا، 16دسمبر کو تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کا آغاز شام 6بجے ہوگا، 18دسمبر کو پہلا ون ڈے انٹر نیشنل میچ کھیلا جائے گا۔ دوسرا ون ڈے 20دسمبر کو ہوگا جبکہ22دسمبر کو تیسرا اور آخری ون ڈے میچ کھیلا جائے گا۔اس سے قبل 2018ء میں بھی ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورے پر آئی تھی۔علاوہ ازیں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورہ کراچی کے موقع حفاظتی اقدامات کے لیے کراچی پولیس کے 13 اعلیٰ افسران سمیت 5635 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے ،اس سلسلے میں ایڈیشنل آئی جی کراچی کی صدارت میں سندھ بوائز اسکاوٹس آڈیٹوریم میں اہم اجلاس ہوا،ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی ڈویژن مقصود میمن اور ڈی آئی جی ساوتھ نے غیر ملکی ٹیم کی 13 دسمبر کو شہر میں آمد، ہوٹل میں رہائش، کرکٹ ٹیم کی پریکٹس،ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز کے دوران آمدورفت اور کراچی سے روانگی کے حوالے سے کیے جانے والے سیکورٹی اقدامات پر بریفنگ دی۔