شاہد آفریدی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بن گئے

316

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی اور جیمز ونس پی ایس ایل7میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے، ملتان سلطانز کی دونوں کے حوالے سے ٹریڈنگ ہوگئی اور اب اسے کوئٹہ کی ڈرافٹ میں چند باریاں مل جائیں گی۔ پی ایس ایل 7کا پلیئرز ڈرافٹ اتوار کو لاہور میں ہوگا تاہم اس سے قبل فرنچائزز ٹریڈنگ اور ریٹینشن پر کام کر رہی ہیں، شاہد آفریدی کے حوالے سے کافی عرصے سے یہ اطلاعات زیر گردش تھیں کہ وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے اور اب اس کی تصدیق بھی ہو گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ملتان سلطانز نے شاہد آفریدی سمیت جیمز ونس کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ ٹریڈنگ کر لی، اب ڈرافٹ میں کوئٹہ کی چند باریاں ملتان سلطانز کو مل جائیں گی، دفاعی چمپئن ٹیم کے مالک عالمگیر ترین کی خواہش تھی کہ شاہد آفریدی اس سال بھی ٹیم میں برقرار رہیں، ان کے ساتھ ساتھ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر بھی چاہتے تھے کہ آل راونڈر کیریئر کی آخری پی ایس ایل میں کوئٹہ کی شرٹ زیب تن کریں، آفریدی کے دونوں ہی سے اچھے تعلقات ہیں۔