کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ پچھلی 3 حکومتوں کی مناسبت سے مہنگائی سب سے زیادہ ہے، یہ ذہنیت پاکستان پر مسلط رہی تو پاکستان کو نقصان ہوگا، اس ٹولے کو گھر جانا ہوگا، پیپلزپارٹی 10 دسمبر کو پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں، مہنگائی اور بے روزگاری پر حکومت کے خلاف احتجاج کرنے جارہی ہے، ملک میں عوام کو گیس اور بجلی میسر نہیں ہے، 3 برس گزر گئے ہیں حکومت نے لوگوں سے تبدیلی کے نام پر صرف بدلہ لیا ہے۔ جمعرات کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ ملک کے حالات پیچیدہ ہورہے ہیں، عمران خان کا امتحان ہے کہ تازہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو سمجھتے ہیں یا نہیں، 93 فیصد
لوگوں کا کہنا ہے کہ پچھلی 3 حکومتوں کی مناسبت سے مہنگائی سب سے زیادہ ہے جبکہ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ملک اب بھی دنیا میں سب سے سستا ترین ہے۔ عمران خان نے 6 ارب ڈالرز آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھوا دیے ہیں۔ پاکستان کی فی کس آمدنی 1300 ڈالرز جبکہ بھارت کی 2 ہزار ڈالر فی کس ہے، اگر عمران خان ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی رپورٹ رد کرتے ہیں تو پھر پی ٹی آئی کے سارے وزیر جھوٹ بولتے ہیں۔ سیالکوٹ واقع پر گہرے افسوس کا اظہار اور شدید مذمت کرتے ہیں، ایک وفاقی وزیر نے غیر ذمے دارانہ بیان دیا، اس کی بھی سخت مذمت کرتے ہیں۔ سلیکٹڈ وزیراعظم کو پہلے اپنے وزرا کو سمجھانا چاہیے، یہ ذہنیت پاکستان پر مسلط رہی تو پاکستان کو نقصان ہوگا۔