آمروں اور کٹھ پتلی حکمرانوں کی وجہ سے انسانی حقوق پامال ہو رہے ہیں ، بلاول زرداری

185

 

 

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے زور دیا ہے کہ ملک میں انسانی حقوق کی پاسداری کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہے کہ جمہوریت کو مضبوط اور جمہوری روایات کو پروان چڑھایا جائے۔ ایک پیغام میں بلاول نے کہا کہ حقیقی جمہوری معاشرے میں انسانی حقوق پر مصلحت کا تصور بھی نہیں کیا جاتا لیکن پاکستان میں طویل عرصے تک آمروں اور ان کی کٹھ پتلیوں کے برسراقتدار ہونے کے باعث انسانی حقوق کی پامالی کے لیے ہمہ وقت تیار عناصر ہر جگہ موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پرامن بقائے باہمی کا ایسا ماحول پیدا
کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں، جہاں ہر شہری کے ساتھ رنگ، نسل، مذہب اور صنف کی بناپر امتیاز نہ برتا جائے۔ چیئرمین پی پی نے زور دیا کہ عالمی برادری کو کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے اپنا فرض نبھانا ہوگا، افسوس کہ آج دنیا انسانی حقوق کا عالمی دن منا رہی ہے لیکن مقبوضہ وادی میں حقوق انسانی کا استحصال جاری ہے۔