لاہور (نمائندہ جسارت) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف پی ڈی ایم پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کرے گی، نیازی صاحب سے چھٹکارا پانے کیلیے تمام قانونی راستے استعمال کریں گے، ہمارا قومی و دینی فریضہ ہے کہ اس جھوٹے اور فریبی انسان سے قوم کو چھٹکارا دلائیں، اللہ کی مخلوق عمران نیازی سے تنگ آچکی ہے اگر ہم نے اللہ کی مخلوق کی آواز میں آواز نہ ملائی تو اللہ ہمیں بھی معاف نہیں کرے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے
ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ جنوبی ایشیا کے مختلف ممالک میں قیمتیں کم ہو رہی ہیں، پاکستان واحد ملک ہے جہاں قیمتیںآسمان سے باتیں کر رہی ہیں، نیازی صاحب کو کون سمجھائے کہ پاکستان میں مہنگائی ڈبل ڈیجٹ کراس کرگئی ہے۔ آج پاکستان میں بھوک افلاس اور بے روزگاری ہے مگر نیازی صاحب اپنی اے ٹی ایم کے ساتھ بیٹھ کر خوش ہیں۔ نیازی صاحب بنی گالہ کے اونچے گھر میں رہتے ہیں جہاں پر انہیں غریبوں کی بے بسی اور غربت دکھائی نہیں دیتی، انہوں نے یہ کہہ کر کہ پاکستان میں اب بھی مہنگائی کم ہے، غریبوں کا مذاق اڑایا ہے۔ عوام عمران خان کی ہوشربا مہنگائی سے تو تنگ تھے ہی اب انکی زبان سے بھی محفوظ نہیں رہے۔