۔11سال بعد پاک چین مشترکہ اقتصادی کمیٹی کا اجلاس

124

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اورچین نے توانائی، بنیادی ڈھانچے اور سماجی شعبہ جات میں ترقیاتی منصوبوں اور سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو تیز رفتار بنیادوں پر فروغ دینے سے اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے پاک چین مشترکہ اقتصادی کمیٹی (جے ای سی) برائے اقتصادی، تجارتی، سائنسی اور تکنیکی تعاون کے 15ویں ورچوئل اجلاس میں کیا گیا۔ اقتصادی امور کے وفاقی وزیرعمرایوب خان نے گیارہ سال کے طویل وقفے کے بعد جے ای سی کے 15ویں اجلاس کی
میزبانی پر حکومت چین کی تعریف کی۔ جے ای سی کے ورچوئل اجلاس کی مشترکہ صدارت چین کے نائب وزیر رین ہونگ بن اورسیکرٹری اقتصادی امورڈویژن میاں اسد حیا الدین نے کی۔وفاقی وزیرعمر ایوب خان نے پاکستان اور چین کے درمیان لازوال اور بے مثال دوطرفہ دوستی کے 70سال مکمل ہونے پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے 1982ء میں اقتصادی، تجارتی، سائنسی اور تکنیکی تعاون کے لیے مشترکہ کمیٹی کے قیام کے ضمن میں دو طرفہ معاہدے کا حوالہ دیا اور اسے دو طرفہ تعاون کی بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین نے ہمیشہ ہر محاذ پر ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، پاکستان کوویڈ19 کی عالمگیروبا کے پھیلنے کے وقت چین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے والے اولین ممالک میں شامل تھا،پاکستان کے صدر نے وبا کے دوران بیجنگ کا دورہ کیا، اسی طرح چین کی حکومت نے بھی وبا کے آغاز سے ہی پاکستان کی مدد شروع کی جو اب تک جاری ہے ۔