آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سیکیورٹی وفد کا وزارت داخلہ کا دورہ، سیکیورٹی پر بریفنگ

238

اسلام آباد: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سیکیورٹی وفد نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا، جس میں انہیں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کے دوران فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی گئی۔

میڈیا ریورٹس کے مطابق آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سیکیورٹی وفد نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی، اس موقع پر پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان بھی موجود تھے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ٹیم کی فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کی سیکیورٹی کے تمام انتظامات کرلیے ہیں، سندھ اور پنجاب حکومت کا سکیورٹی اداروں سے مکمل رابطہ ہے۔

پاکستان کے لوگ کرکٹ سے بہت محبت کرتے ہیں، قوم 24 سال سے ملک میں پاک آسٹریلیا مقابلوں کی منتظر ہے، امید ہے شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹیم بھیجنے کے اعلان پر آسٹریلیوی کرکٹ بورڈ کے مشکور ہیں،پاکستان آمد پر آسٹریلوی ٹیم کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔