پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ حکومت کا نعرہ احتساب ڈھونگ ہے، پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کو دو سال سے قید کررکھا ہے لیکن ایک پائی کی بھی وصولی کے ثبوت نہ فراہم کرسکے‘ سپریم کورٹ بھی نیب کے احتساب کو یکطرفہ قرار دے چکی ہے۔
اان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شازیہ مری کا کہناتھا کہ نیب حکومت کا آلہ کار بن چکا ہے جس کی ترجمانی کے فرائض نیب کی بجائے حکومتی وزراء کررہے ہیں اور وہ اسے آزاد ادارہ قرار دیتے ہیں جبکہ حقیقت میں یہ ایک انتقامی ادارہ بن گیا ہے۔
دو سال سے گرفتار سید خورشید شاہ کو بلا جواز قید کررکھا ہے ان پر ایک دھیلے کی بھی کرپشن کے ثبوت فراہم نہیں کئے گئے۔ خود سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے اگر تین ماہ کے اندر مجرم نہ ثابت کیا جاسکے تو وہ بندہ بے گناہ ہوتا ہے۔ سپریم کورٹ نے اپنے کئی فیصلوں میں نیب کے فیصلوں کو یکطرفہ قرار دیا ہے اور اس پر تنقید کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان آج ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ دیکھ لیں رپورٹ میں ہے کہ عوام احتساب کے عمل سے مطمئن نہیں۔