غیرقانونی بھرتیوں کا کیس، سندھ ہائی کورٹ نے قائم علی شاہ کی عبوری ضمانت خارج کر دی 

221

سندھ ہائی کورٹ نے محکمہ اطلاعات سندھ میں غیرقانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ کی عبوری ضمانت خارج کردی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ اطلاعات سندھ میں غیرقانونی بھرتیوں کے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ میں سابق وزیر اعلی قائم علی شاہ اور شرجیل میمن کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے قائم علی شاہ کی عبوری ضمانت خارج کرتے ہوئے نیب کورٹ میں پیش ہونے کیلئے ان کی دس روز کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کرلی، عدالت نے کہا نیب آردیننس کے تناظر میں درخواست کو مزید نہیں سن سکتے۔ دوران سماعت وکیل نے کہا کہ شرجیل میمن ملک سے باہر ہیں، دس روز میں پیش نہیں ہوسکتے، جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ آپ چاہیں تو درخواست ضمانت واپس لے لیں مزید مہلت نہیں دے سکتے۔ وکیل نے مزید کہا کہ شرجیل میمن کو واپسی پر نئی ضمانت حاصل کرنا ہوگی، تو عدالت نے کہا کہ واپسی پر گرفتاری کا خدشہ ہے۔ شرجیل میمن کے وکیل نے استدعا کی نیب کورٹ میں پیش ہونے کیلئے مہلت دی جائے، لیکن عدالت نے مہلت کی استدعا مسترد کردی، جس پر شرجیل میمن کے وکیل نے درخواست ضمانت واپس لے لی۔ نیب نے بتایا کہ ملزمان پر گریڈ سترہ کے چالیس سے زائد افسران کی غیر قانونی بھرتیوں کا الزام ہے، قائم علی شاہ نے بطور وزیر اعلی دو ہزار بارہ میں بھرتی کی منظوری دی تھی۔