بھارت طاقت کے بل پر کشمیر کو اپنے ساتھ نہیں رکھ سکتا، محبوبہ مفتی

293

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ گاندھی کا بھارت گوڈسے کا بھارت بنتا جا رہا ہے‘ایک بھی بھارتی وکیل کشمیری طلباء کا مقدمہ لینے کے لیے تیار نہیں ‘ہندو انتہا پسندوں نے گرفتار طلباء پر اس وقت حملہ کیا تھا جب انہیں عدالت میں پیش کیا جا رہا تھا‘

میڈیا رپورٹس کے مطابق محبوبہ مفتی نے یہ بات رواں برس اکتوبر میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستانی ٹیم کی بھارتی ٹیم کے مقابلے میں جیت کی خوشی منانے پر تین کشمیری طلباء کی بھارتی شہر آگرہ میں گرفتاری کا حوالہ دیتے ہوئے کہی۔ہندو انتہا پسندوں نے گرفتارطلباء پر اس وقت حملہ کیا تھا جب انہیں عدالت میں پیش کیا جا رہا تھا۔

محبوبہ مفتی نے نئی دہلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک بھی بھارتی وکیل کشمیری طلباء  کا مقدمہ لینے کے لیے تیار نہیں ہے اس لیے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ گاندھی کا بھارت گوڈسے کے بھارت میں تبدیل ہو رہا ہے۔انتہا پسند ہندو تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے کا رکن ناتھو رام گوڈسے موہن داس کرم چند گاندھی کا قاتل تھا۔

محبوبہ مفتی نے کہا کہ ان کی پارٹی مستقبل میں الیکشن لڑے گی لیکن وہ خود اس وقت تک انتخابات میں حصہ نہیں لیں گی جب تک دفعہ370 بحال نہیں ہو جاتا۔پی ڈی پی کی سربراہ نے مقبوضہ جموںوکشمیر کو ایک نو آبادیاتی کالونی کی طرح چلانے پر نریندر مودی کی حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ بھارت طاقت کے بل پر کشمیر کو اپنے ساتھ نہیں رکھ سکتا۔