آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس

398

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت دو روزہ 245ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی، کانفرنس کے شرکا نے عالمی، علاقائی اور ملکی سلامتی کے حالات کا جائزہ لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق کانفرنس میں آرمی چیف نے سرحدوں پر سلامتی کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کسی بھی خطرے سے حفاظت کے لیے چوکس رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔

 افغانستان میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران کا ذکر کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ مسلسل حمایت اور بروقت بین الاقوامی انسانی امداد نہ صرف افغانستان کے امن اور خوشحالی بلکہ بڑے پیمانے پر خطے کے استحکام کے لیے بھی ضروری ہے۔

 آرمی چیف نے فوج میں جاری تربیتی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل کے میدان جنگ میں ٹیکنالوجی پر مبنی ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے عہدہ بر آ ہونے کے لیے ڈاکٹرائن اور تربیت کا معروضی جائزہ ضروری ہے۔

اجلاس نے سیالکوٹ کے گھنانے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے واضح طور پر ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کا اعادہ کیا تاکہ ملک سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکے۔