کراچی:آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے 3 رکنی سیکیورٹی وفد نے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جس میں بنجامن کارل اولیور، گرینڈن جیرارڈ اور سٹورٹ اینڈریوبیلی شامل تھے۔
آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے متعلق سیکیورٹی انتظامات پرڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈایمرجنسی سروسزڈویڑن مقصوداحمد کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے دوران بریفنگ لی۔
اجلاس میں آسٹریلین سیکیورٹی وفد،پی سی بی حکام،رینجرزحکام، کمانڈنٹ ایس ایس یواور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی، ڈی آئی جی سیکیورٹی نے وفد کوآسٹریلین کرکٹ ٹیم کے متوقع دورہ پاکستان اور خاص طور پر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچز سے متعلق کئے گئے سیکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیاجبکہ کمانڈنٹ ایس ایس یوذیشان شفیق صدیقی نے تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈی آئی جی مقصود احمد نے مزید بتایا کہ ایس ایس یو کمانڈوز کو جدید پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی گئی ہے، جدید ہتھیاروں اورمواصلاتی نظام سے لیس ایس ایس یو کی(SWAT) ٹیم سماج دشمن عناصر کی طرف سے پیدا کی گئی کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔
وفد نے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے متوقع میچز کے تناظر میں ایئرپورٹ، اسٹیڈیم، شاہراہوں اور ہوٹل پرکیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، پولیس کمانڈوز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بڑھانے کے لئے کی گئی کاوشوں کو سراہا،وفد نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے ممکنہ کرکٹ میچوں کے سلسلے میں سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔