حکومت نے انتشار پیدا کرکے قوم کو تقسیم کردیا، احسن اقبال

115

کراچی (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکرٹری جنرل، رکن قومی اسمبلی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے ہر شعبے میں انتشار پیدا کرکے قوم کو تقسیم کردیا ہے، ملک کو آج سنجیدہ اصلاحات کی ضرورت ہے، ہنستے کھیلتے، پھلتے پھولتے ملک کو بھوک و افلاس میں دھکیل دیا گیا ہے، ملک گالیوں سے نہیں اخوت عوام سے چلے گا، 23 مارچ کراچی کے عوام کی فتح کا دن ہوگا ۔ گزشتہ روز ن لیگ سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے
خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہکراچی کو کراچی کا حق نہیں ملا، کراچی آنے کا مقصد سندھ میں تنظیم سازی کا جائزہ لینا ہے، پی ڈی ایم نے 23 مارچ کو مہنگائی مارچ کا اعلان کیا ہے، 23 مارچ کو فوجی پریڈ ہوتی ہے ہم اس دن عوامی پریڈ کریں گے، ہم لاکھوں لوگ مل کر اسلام آباد میں نئی جمہوری قدروں کی بنیاد رکھیں گے۔ 1971ء کے بعد آج پاکستان پھر پستی پر کھڑا ہے، سیاست کو انتشار میں تبدیل کردیا گیا ہے، معیشت، سیاست، معاشرت سمیت ملک کے چاروں پہیے پنکچر ہو چکے ہیں، آج ملک خودمختار نہیں بلکہ گروی رکھا جاچکا ہے، ایٹمی طاقت کو سرنڈرکرکے نہیں چلایا جاسکتا، مرکزی سیکرٹری جنرل ن لیگ کا کہنا تھا کہ ملک کے مستقبل کا فیصلہ بند کمروں میں نہیں ہوگا، 22 کروڑ عوام کریں گے، ملک کو سنجیدہ اصلاحات کی ضرورت ہے۔