پنجاب میں حلقہ بندیاں پیپلزپارٹی کے خلاف بنائی گئیں،آصف زرداری

121

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ میاں صاحب نے پورے پنجاب میں اپنے حساب سے حلقہ بندیاں بنائیں، ہم ان حلقہ بندیوں کو تبدیل کریں گے، کیونکہ یہ پاکستان کی دھرتی کے خلاف ہیں، جو اس دھرتی پر نہیں مرنا چاہتا اس کو کیا مسئلہ ہے؟ این اے 133 میں ٹرن آؤٹ بڑھنے سے 50 ہزار ووٹ لے سکتے تھے۔انہوں نے لاہور میں پی پی ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے جب بھی مشکل وقت گزارا ہے، پیپلزپارٹی کے ورکرز نے بھرپور ساتھ دیا، پیپلزپارٹی کشمیر سے کراچی تک بھٹو کا جھنڈا لگا ہوا ہے، میں نے دوستوں سے بات کی تھی کہ پیپلزپارٹی کیلیے پنجاب میں الیکشن مشکل نہیں ، ہماری اپنی کمزوریاں ہوتی ہیں، ضمنی الیکشن میں زبردست رزلٹ رہا، میرا اندازہ پچاس ہزار ووٹ تھا اگر ہم ووٹرز ٹرن آؤٹ بڑھا دیتے تو 50 ہزار ووٹ لے سکتے تھے۔جس حلقے میں الیکشن ہوا، یہ 77ء کے بعد میاں صاحب حلقے بناتے رہے،جب یہ حلقہ تھوڑا بڑا تھا محترمہ بی بی شہید بھی اس حلقے سے الیکشن جیتی تھیں، پنجاب میں حلقہ بندیاں پیپلزپارٹی کے خلاف بنائی گئیں۔لیکن میاں صاحب نے لاہور سمیت پورے پنجاب میں اپنے حساب سے گلیاں محلے، برادری کو دیکھ کر حلقہ بندیاں بنا لیں، ہم ان سے لڑیں گے اور حلقہ بندیوں کو تبدیل کریں گے، اس لیے کہ یہ پاکستان کی دھرتی کے خلاف ہے، جو اس دھرتی پر نہیں مرنا چاہتا اس کو کیا مسئلہ ہے؟