فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 114کے امیرمیاں عبدالستاربیگا ، جنرل سیکرٹری چودھری نوید اسلم،نائب امیر چودھری انعام الحق، رانا وسیم احمد ایڈووکیٹ،جے آئی یوتھ کے صدر وقاص خاںنے اپنے مشترکہ بیان میں سیالکوٹ واقعہ کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ توہین مذہب کی آڑ میں سری لنکن شہری کا بہیمانہ قتل اورلاش کازندہ جلانا درندگی کے مترادف ہے،اسلام ایسی دہشت گردی کے خلاف ہے اوریہ نبی کریمﷺ کی تعلیمات کی نفی ہے۔ حضور نبی کریم ﷺ نے اسلام کوانسانیت کی بھلائی کادین قراردیاہے۔بپھرے ہوئے ہجوم کا کسی بھی شخص کویوں قتل کرکے زندہ جلانا اسلام کے خلاف ہے ۔ میاں عبدالستاربیگانے کہاکہ سیالکوٹ میں ہونے والا واقعہ انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ ذمے داران کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیاجائے۔ یہ وقت ہے کہ نبی اکرم ﷺکے امن، محبت اور رحم کے پیغام پر صحیح معنوں میں کاربند ہوا جائے۔سیالکوٹ میں ہونے والے دل خراش واقعہ نے دل چیر کے رکھ دیا۔ کیا یہ درندگی ہماری پہچان اور ہمارا اور آنے والی نسلوں کامستقبل ہے؟ کیا یہ ملک ایک محفوظ ملک تصور ہو گا؟ حکومت نام کی کوئی چیز موجود نہیں، انسان سوال کرے بھی تو کس سے کرے ۔سیالکوٹ میں ناموس رسالت کی آڑ میں واقعہ افسوسناک ہے الزام کی بنیاد پر قانون کو ہاتھ میں لینا اسلامی تعلیمات کیخلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں تشدد اور شدت پسندی کی کوئی جگہ نہیں،علمائے کرام انتہاپسندی کو روکنے میں مثبت کردار ادا کریں۔ ریاست اورپاکستانی شہری بہیمانہ واقعے کی مذمت کر رہے ہیں عوام کے جان ومال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔