اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ سے شریف خاندان کو بڑا ریلیف مل گیا۔ عدالت عظمیٰ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ مرحومہ کلثوم نواز اور شہباز شریف کے اضافی ویلتھ ٹیکس سے متعلق ایف بی آر کی اپیل خارج کر دی۔ پیر کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں3 رکنی بنچ نے اپیل پر سماعت کی۔ عدالت عظمیٰ نے ایف بی آر کی اپیل خارج کر تے ہوئے قرار دیا کہ مرحومہ کلثوم نواز اور شہباز شریف نے1994ء سے 1998ء تک ویلتھ ٹیکس جمع کرایا‘ ایف بی آر نے شہباز شریف اور مرحومہ کلثوم نواز کو اضافی ویلتھ ٹیکس کے لیے نوٹس جاری کیے تھے‘ اضافی ویلتھ ٹیکس کے لیے ڈیمانڈ نوٹس کا دیا جانا ضروری ہے‘ ایف بی آر مرحومہ کلثوم نواز اور شہباز شریف کو ڈیمانڈ نوٹس بھجوانا ثابت نہیں کر سکا‘ اضافی واجبات کے نوٹس بھی ویلتھ ٹیکس جمع کرانے کے بعد بھیجے گئے۔ واضح رہے کہ شریف خاندان نے ایف بی آر نوٹس لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا‘ لاہور ہائی کورٹ نے ایف بی آر کے اضافی ٹیکس نوٹس کالعدم قرار دیے تھے‘ ایف بی آر نے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ عدالت عظمیٰ میں چیلنج کیا تھا۔