اولمپیئن جہانگیر بٹ ہاکی ، دوسرے روز حنیف خان الیون اور گلبرک کی کامیابی

730
ڈائریکٹر ڈی ایچ اے کرنل ریٹائرڈ رضوان خرم ستارہ امتیاز ملٹری گلبرگ ایچ سی الیون کے گول کیپر مین آف دی میچ ایوارڈ دے رہے ہیں۔ تصویر میں میجر محمود، حیدر حسین بھی موجود ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر انتظام کے ایچ اے اسپورٹس کمپلکس میں اولمپیئن جہانگیر بٹ انوی ٹیشن ہاکی لیگ کے دوسرے روز حنیف خان الیون اور گلبرگ ایچ سی الیون نے میچ جیت لئے، مہمان خاص ڈی ایچ اے کے ڈائریکٹر کرنل (ریٹائرڈ) رضوان خرم ستارہ امتیاز ملٹری نے خصوصی مہمان میجر محمود کے ہمرہ میچ کے بہترین کھلاڑیوں کو ریلائنس پینٹ کی جانب سے مین اف دی میچ ایوارڈ سے نوازا۔کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس میں اولمپیئن جہانگیر بٹ انوی ٹیشن ہاکی لیگ کے دوسرے روز مزید2 میچز کے فیصلے ہوگئے، لیگ کے تیسرے میچ میں گلبرگ ایچ سی الیون نے رینجرز الیون کو سخت مقابلے کے بعد 1-2 سے شکست دیدی، پہلے ہاف کے اختتام پر رینجرز الیون کو کھیل کے 18 منٹ میں بدرالدین کے گول کے باعث 0-1 کی برتری حاصل تھی تاہم دوسرے ہاف میں رینجر الیون کھیل پر گرفت قائم نہ رکھ سکی جس کے باعث گلبرگ الیون کے فاروڈ جنید علی خان نے پہلے 55 ویں منٹ میں میچ برابر کیا پھر 57 ویں منٹ میں مزید ایک گول کرکے اپنی ٹیم کو 1-2 سے کامیابی دلادی، فاتح ٹیم کے اے آر عثمان میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، دوسرے اور لیگ کے چوتھے میچ میں حنیف خان الیون نے ایونٹ میں اپنی فتح کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کراچی گلیڈی ایٹر کو 3-4 سے شکست دیدی، پہلے ہاف کے اختتام پر حنیف خان الیون کو ایک گول کی برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں مزید تین گول کرکے فاتح ٹیم نے چار گول کی برتری حاصل کرلی تاہم اس دوران کراچی گلیڈی ایٹر نے بھر پور مزاحمت کرتے ہوئے تین گول کرکے خسارہ 3-4 کردیا لیکن میچ اپنے نام نہیں کرسکی، فاتح ٹیم کے کاشف جواد 36 اور 45 ویں منٹ میں جبکہ اذلان خان نے 19 اور 40 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، کراچی گلیڈی ایٹر کی جانب سے عزیر احمد، شہزاد حنیف اور سید اسد علی نے کھیل کے 32, 54 اور 58 ویں منٹ میں گول کرکے خسارہ کم کیا، کراچی گلیڈی ایٹر کے ریان الرحمٰن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔