کراچی (اسٹاف رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ملک کو شدید اقتصادی مشکلات اور عدم استحکام کا شکار ہونے سے بچانے کے لیے متشدد اور جنونی مذہبی رجحان کا خاتمہ ناگزیر ہے۔مذہبی جنونیت اور متشدد مذہبی گروہوں نے دین اسلام اور وطن عزیز کے تشخص کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔سانحہ سیالکوٹ ملک کی تاریخ کے سیاہ ابواب میں ایک ایسا بدترین اضافہ ثابت ہوگا جس کے نتائج شدید عالمی ردعمل کی صورت میں سامنے آئیں گے۔ایک ایسے ملک کے باشندے کو وحشیانہ انداز میں قتل کیا گیا جو ہر سال آنکھوں کے غیر معمولی عطیات پاکستان کو مہیا کرتا ہے۔اس سانحہ پر ہر باشعور پاکستانی شرمسار ہے۔ملک میں عدم تحفظ کے بڑھتے ہوئے احساس نے ہر ایک کو تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے۔انہوں نے سانحہ سیالکوٹ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ توہین کے نام پر کسی کو بلا تحقیق سزا دینے کا اختیار ریاست کے پاس بھی نہیں۔ ایسے واقعات کے سدباب کے لیے سخت ترین اقدامات کرتے ہوئے بیرونی سازشوں پر بھی نظر رکھنا ہو گی۔ملک دشمن عناصر ارض پاک کو بحرانوں کا شکار کرنے کے لیے نت نئے ہتھکنڈوں میں مصروف ہیں۔کسی غیر ملکی کے ساتھ اس طرح کا وحشیانہ سلوک بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں جانے سے روکنے کا جواز فراہم کرسکتا ہے۔