سانحہ سیالکوٹ: پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات متاثر نہیں ہونگے،سری لنکن ہائی کمشنر

294

پاکستان میں متعین سری لنکن ہائی کمشنروائس ایڈمرل موہن وجے وکرما نے سیالکوٹ واقعہ میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی ہلاکت کے معاملہ پر پاکستانی کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر اطمینا کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کی بڑی تعداد کو گرفتار کر لیا گیا ، پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات بہترین رہے، یہ واقعہ دونوں ممالک کے تعلقات کو متاثر نہیں کرے گا۔پیر کے روز پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے ارشد داد کی سربراہی میں سری لنکن سفارتخانے کا دورہ کیا اور پریانتھا کمارا کی ہلاکت پر سری لنکن ہائی کمشنر سے اظہار تعزیت کیا اور سری لنکن ہائی کمشنر کو پھول پیش کئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سری لنکن ہائی کمشنر وائس ایڈمرل موہن وجے وکرما کا کہنا تھا کہ یہ بہیمانہ قتل تھا جو بدترین طریقہ سے کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دیکھا کہ واقعہ کے پاکستان کی حکومت نے اعلیٰ ترین سطح پر تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے اور ہمیں اورمتاثرہ خاندان کو یقین دہائی کروائی کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف فوری طور پر سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے اور ہم یہ اب دیکھ رہے ہیں کہ پہلے ہی بڑی تعدادمیں واقعہ میں ملوث افرادکوگرفتارکرلیا گیا ہے اوران کاریمانڈ بھی دے دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے اس واقعہ کو بڑے سنجیدہ انداز میں لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سری لنکا دونوں اپنی آزادی کے وقت سے ہی ایک دوسرے کے دوست ہیں۔ سری لنکا کے بانی نے 1948میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور پاکستان کے بانی سے ملاقات کی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ واقعہ دونوں ممالک کے تعلقات پر اثر انداز نہیں ہوگا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما ارشد داد کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت سری لنکا کو اپنے بہت قریب سمجھتی ہے اورپوری قوم اس واقعہ کی مذمت کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا ہم اس واقعہ کی سختی سے مذمت کرتے ہیں