اسلام آباد(صباح نیوز+آن لائن)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعہ کے حوالے سے سری لنکا کی حکومت پاکستان کے اقدامات کو سراہ رہی ہے اوروہ سمجھتی ہے کہ اس سے ہمارے تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، واقعہ تکلیف دہ ہے اور افسوسناک ہے اوراس کا ہم تدارک کرنے کاارادہ رکھتے ہیں، یہ تکلیف دہ واقعہ ہے ، ہر معاشرے میں کچھ
لوگ ہوتے ہیں جو اس قسم کی حرکتوں سے باز نہیں آتے اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لے لیتے ہیں اوریہ واقعہ قوم کی حمایت کا عکاس نہیں، چند افراد کی غیر ذمے دارانہ،غیرقانونی اورتشدد آمیز حرکت ہے، اس جنونیت کا مقابلہ کرنے کے لیے صرف قانون سازی اور سخت سزائیں کافی نہیں ہیں بلکہ اس مقصد کے لیے کثیر الجہتی حکمت عملی کی ضرورت ہو گی، معاشرے کے اندر ہم نے شعور بھی پیدا کرنا ہے ، لوگوں کو آگاہ کرنا ہے کہ ایسے واقعات کی حوصلہ شکنی کریں اور جو لوگ اس قسم کی حرکتیں کرتے ہیں معاشرے میں ان کے لیے کسی قسم کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے ، حکومت کے ساتھ ساتھ معاشرے اور سماج نے بھی اپنا کردار اداکرنا ہے۔ان خیالات کااظہارانہوںنے سرکاری ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ علاوہ ازیںوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 6سے 8 دسمبر تک برسلز کا دورہ کریں گے۔