پی پی نے اقتدار تک پہنچانے والوں کو بھوک ،افلاس دیا،محمد حسین محنتی

174

کراچی/ جیکب آباد (نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی نئی شرائط ملک و قوم کو عالمی مالیاتی اداروں کے پاس گروی رکھنے کے مترادف ہے۔ مہنگائی کا طوفان اور ڈالر کی اونچی اڑان اس کا ٹیلر ہے۔ منی بجٹ کو ایک لعنت قراردینے والی پی ٹی آئی عالمی اداروں کی فرمائش پر اسی لعنت ایک بارپھر عوام پر مسلط کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے۔احتساب و انصاف کے دعویداروں نے آٹا و چینی مافیا کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مبارکپور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے عوام سے زندہ رہنے کا حق بھی چھین لیا ہے‘تبدیلی کا نعرہ تباہی ثابت ہوا ہے‘ امن و سلامتی اور
خوشحالی سمیت مسائل سے نجات کا واحد حل اسلامی نظام ودیانتدار قیادت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں گزشتہ 13 سال سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے یہاں کے عوام نے ہمیشہ انہیں اقتدار میں پہنچایا مگر بدلے میں بھوک و افلاس کرپشن اور عوام دشمن بلدیاتی نظام دیا ہے۔ جس کی وجہ سندھ کے عوام محرومیوں کا شکار ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ سانحہ کی سخت مذمت اور تحقیقات کرکے ملزمان کو سزا دی جائے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود پاکستان میں تیل کی قیمتیں کم کرکے عوام کو اس کافائدہ نہیں پہنچایا جا رہا ہے۔ پڑوسی ملک بھارت نے بھی قیمتیں کم کردی ہیں کیوں کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اضافہ کے اثرات ٹرانسپورٹ اور روزمرہ کی اشیائے خورونوش پر بھی پڑتے ہیں جس سے عام آدمی سب سے زیادہ متاثر ہوتا ہے۔صوبائی امیر نے کہاکہ سودی نظام معیشت سے نجات کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔قبل ازیں انہوں نے احسان پبلک اسکول میں منعقدہ اجتماع ارکان سے خطاب کیا۔جس میں ضلع بھر سے ارکان جماعت شریک تھے۔ صوبائی امیر نے ذمے داران کو بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے اور تیاریوں کی ہدایت کی۔ اس موقع پر امیر ضلع حاجی دیدار علی لاشاری ، مقامی امیر عبدالستار بھٹو، صوبائی اطلاعات سیکرٹری مجاہد چنا، استاد نواب مہر ودیگر رہنما بھی ساتھ موجود تھے۔ قبل ازیں اجتماع ارکان سے صوبائی نائب امراء￿ ممتازحسین سہتو، حافظ نصراللہ چنا، قیم کاشف سعید شیخ، نائب قیم عبدالحفیظ بجارانی نے بھی خطاب کیا۔