اہل سندھ کو کھانا اور پانی بھی پورا نہیں ملتا، مراد سعید

175

عمرکوٹ (آن لائن+مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ اہل سندھ کو کھانا اور پانی بھی پورا نہیں ملتا، پیپلز پارٹی عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان کیا دیتی، یہ تو پاکستان لوٹ کر کھاگئے ہیں۔سندھ میں کوئی بھی سرکاری ادارہ کام نہیں کر رہا ہے۔عمرکوٹ میں پریس کلب کے سامنے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ ظلم جب انتہا کو
پہنچتا ہے تو فرعون کے لیے موسیٰ آتا ہے گزشتہ 15 سال میں صحت تعلیم سے لیکر پورے صوبہ سندھ میں زرداری حکومت نے تباہی وبربادی کر دی ہے، اب عوام کا رجحان پیپلز پارٹی زرداری گروپ کے خلاف ہو گیا ہے اور زرداری حکومت کی تبدیلی چاہتا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 4 صوبوں میں آٹا لوگوں کو 55 روپے فی کلو ملتا ہے تو سندھ میں 75 روپے فی کلو ملتا ہے، یہ زرداری حکومت کی حکمت عملی ہے جس میں وفاق کو بدنام کرنے اور سندھ کے غریب لوگوں کو بھوکے مارنے کی سازش ہے تاکہ لوگ وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی حکومت کے خلاف ہو جائیں اور وہ زرداری گروپ کے حمایتی بن جائیں ، سندھ کے اسپتالوں میں مریضوں کو علاج کی سہولت نہیں دوائیاں نہیں ملتی اور لوگ سرکاری اسپتالوں میں علاج نہ ہونے کی وجہ سے بے موت مر رہے ہیں،اسی طرح تعلیم کا بیڑا غرق کر دیا، سندھ حکومت نے اسکولوں میں برسوں سے اساتذہ مقرر نہیں کیے، اسکولوں کی عمارتیں زبوں حالی کا شکار ہیں، کروڑوں بچے تعلیم سے محروم ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سارے فنڈز زرداری گروپ کے پاس اکاؤنٹ میں چلے جاتے ہیں اور زرداری گروپ منی لانڈرنگ کے ذریعے وہ عوام کے پیسے بیرونی ملک بھیج کر بڑے بڑے محل حویلیاں بنائی ہیں جبکہ سندھ کے عوام کے پاس رہنے کے لیے کوئی گنجائش نہیں وہ خانہ بدوشی کی زندگی بسر کررہے ۔