کراچی (سید وزیر علی قادری)یوتھ ہاکی کلب الیون کا اولمپیئن جہانگیر بٹ انوی ٹیشن ہاکی لیگ میں فاتحانہ اغاز، فاتح ٹیم نے رینجرز الیون کو 0-5 سے جبکہ دوسرے میچ میں حنیف خان الیون نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملیر کینٹ الیون کو 2-3 سے شکست دیدی۔مہمان خاص ایڈیشنل سیکریٹری حکومت سندھ و پروجیکٹ ڈائریکٹر کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی کراچی واٹر بورڈ صلاح الدین احمد نے گیند کو ہٹ لگا کر ایونٹ کا افتتاح کیا۔ ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر انتظام کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں اولمپیئن جہانگیر بٹ انوی ٹیشن ہاکی لیگ کا اغاز ہوگیا، حکومت سندھ کے ایڈیشنل سیکریٹری و پروجیکٹ ڈائریکٹر کے ڈبلیو ایس ایس ائی پی کراچی واٹر بورڈ صلاح الدین احمد نے گیند کو ہٹ لگا کر لیگ کا افتتاح کیا، اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے کوآرڈینیٹر و سیکریٹری کے ایچ اے حیدر حسین، اولمپئنز حنیف خان، ناصر علی، چیئر مین کے ایچ اے گلفراز احمد خان، ٹورنامنٹ سیکریٹری امتیاز الحسن، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر ایس اے ماجد، ایمپائر منیجر فیصل اسمعیل، سابق انٹر نیشنل پیلئرز خالد جونیئر، پرویز اقبال، اسد قریشی، کے ایچ اے مجلس عاملہ کے ارکان محسن علی، محمد وسیم اور معین عالم بھی موجود تھے، مہمان خاص ایڈیشنل سیکریٹری صلاح الدین احمد کا کہنا تھا کہ ہاکی سے پرانی وابستگی اور ملکی سطح پر ہاکی کھیلنے کے باعث میری قومی کھیل سے محبت روز اول کی طرح آج بھی برقرار ہے، حیدر حسین کو ہاکی کے لئے شبانہ روز کام کرتے دیکھ کر اپنا وقت یاد آجاتاہے۔ افتتاحی روز کھیلے جانے والے پہلے میچ میں یوتھ ہاکی کلب الیون نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے رینجرز الیون کو 0-5 سے باآسانی زیر کرلیا۔بہترین کھیل اور 2 گول کرنے پر عدنان لڈو کو ریلائنس پینٹ کی جانب سے میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا،حنیف خان الیون اور ملیر کینٹ الیون کے درمیان کھیلا جانے والا میچ دلچسپ رہا تاہم سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد حنیف خان الیون نے دو کے مقابلے تین گول سے کامیابی حاصل کرلی،ریلائنس پینٹ مین اف دی میچ کا ایوارڈ فاتح ٹیم کے محمد شاہد کے نام رہا۔