کوئٹہ (آن لائن )وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیرصدارت امن وامان کی صورتحال کا اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، چیف سیکرٹری مطہر نیاز رانا، آئی جی پولیس رائے محمد طاہر ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ارشد مجید، کمشنر مکران شاہ عرفان غرشین ،ڈی آئی جی اسپیشل برانچ ،ڈی سی گوادر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔آئی جی پولیس نے اجلاس کو صوبے میں امن امان کی مجموعی صورتحال جبکہ کمشنر مکران نے گوادر
دھرنے سے متعلق صورتحال پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، اجلا س کو آگاہ کیا گیا کہ گوادرکو حق دو تحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمن کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں، حکومت نے دیگر آپشن ہونے کے باوجود صبرو تحمل کے ساتھ دھرنے کے شرکا سے مذاکرات کا عمل جاری رکھاہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی وزرا اور اعلیٰ حکام نے گوادر دھرنے کے شرکا کے ساتھ مذاکرات کے 4 رائونڈ کیے اور مذاکرات میں طے پائے گئے امور پر عملدرآمد کا سلسلہ شروع ہے ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومت کی کوشش اور خواہش ہے کہ تمام امور کو باہمی اتفاق رائے سے حل کر لیا جائے مذاکرات کے لیے حکومت کے دروازے ہر کسی کے لیے کھلے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ گوادر دھرنے سے ہٹ کر بھی حکومت کی اپنی پالیسی اور وژن کے مطابق گوادر کے پانی اور بجلی کے مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جارہا ہے۔