سانحہ سیالکوٹ تحریک لبیک سے منسوب کرنا افسوسناک ہے، ترجمان

127

 

لاہور (آن لائن) تحریک لبیک پاکستان کے ترجمان نے سیالکوٹ نجی فیکٹری کے منیجر سری لنکن شہری پریا نتھاکمار کے بہیمانہ قتل پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے
کہ مقتول کے ورثاء اور سری لنکن عوام کے ساتھ مکمل اظہار ہمدردی کرتے ہیں، تحریک لبیک ہر مظلوم کے ساتھ اور ہر ظالم کے خلاف کھڑی ہے، جتنا یہ واقعہ افسوسناک ہے اتنا اس کو تحریک لبیک پا کستان سے منسوب کرنا بھی افسوسناک ہے، ناموس رسالت کا ذاتی مقاصد کیلیے استعمال انتہائی قابل مذمت عمل ہے، لبیک یارسولؐ اللہ کا نعرہ ہر مسلمان کا نعرہ ہے ایسے واقعے کو تحریک لبیک سے جوڑنا سراسر نا انصافی ہے، ملک کسی خون خرابے اور فساد کامتحمل نہیں، واقعے کا پس منظر اور سازش سمیت تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے شفاف اور غیر جانبدرانہ تحقیقات کی جائیں اور ملوث کرداروں کو گرفتار کرکے سزا دی جائے۔ تحریک لبیک پا کستان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان دشمن قوتیں پاکستان میں مذہبی قوتوں کو کچلنے کیلیے مذہب کے نام پر خلفشار، انتشار اور خانہ جنگی کا ماحول چاہتی ہیں، مسلمان بیدار رہیں اور ان کی خفیہ چالوں کو ناکام بنانے کی بھرپور کوشش کرتے رہیں، گستاخی و توہین مذہب کی سزا کیلیے ملکی قوانین موجود ہیں، جب ملک میں قانون اور عدل و انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں تو کسی کی جرات نہیں کہ قانون کو ہاتھ میں لے۔