رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے قتل کی مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ سیالکوٹ میں انتہائی ناخوشگوارسانحہ رونما ہوا، اس واقعہ پر افسوس کا اظہار اور مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں آئینی اور قانونی نظام موجود ہے، اس نظام کے ہوتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں لینے کا جواز نہیں، اس سے معاشرے میں انارکی اور لا قانونیت پھیلتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ واقعہ ملک وملت کے مفادمیں نہیں اور اس سے عالمی سطح پرپاکستان کاتاثرمنفی گیا جبکہ پاکستان پر پہلے ہی ایف اے ٹی ایف کی تلوار لٹک رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اس سانحہ کے حقائق اور واقعات کا علم نہیں تاہم سانحہ سیالکوٹ پر تاسف کا اظہار اور شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا پر بھی ذمہ داری ہے تحقیقی کے بغیر کسی گروہ یا فرد کو ذمہ دار قرار نہ دیں۔