کو ئٹہ(نمائندہ جسارت )کوئٹہ میں پولیس نے لڑکیوں پر تشددنازیبا ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے والے شخص کو بھائی سمیت گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق پولیس نے کوئٹہ کے علاقے مری آباد میں کارروائی کرتے ہوئے لڑکیوں پر تشدد اور بلیک میل کرنے والے شخص ہدایت اللہ خلجی اور اس کے بھائی کو گرفتار کرلیا ہے۔ملزم کے قبضے سے لیپ ٹاپ ، موبائل ، ٹیب لیٹ اور دیگرسامان بھی برآمد ہوا ہے ۔تھانہ قائدآباد پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان پر لڑکیوں کو اغوا کرنے کا بھی الزام ہے تاہم اس حوالے مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔دوسری طرف مبینہ طور پر لاپتا ہونے والی ایک لڑکی کی بھی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ الزام لگارہی ہیں کہ کچھ لوگ ایک سال سے اس پر تشدد کرکے زبردستی جسم فروشی کا کام کرواتے ہیں اور بتایا ہے کہ دانیال نامی لڑکے نے اس کی غیراخلاقی ویڈیو اور تصاویر بنا کر فیس بک پر اپ لوڈ کردی ہیں۔ لڑکی نے پولیس سے مدد کی اپیل کی ہے۔ متاثرہ لڑکی نے ویڈیو میں اپنی والدہ اور بہن پر بھی تشدد اور جسم فروشی کا کام زبردستی کروانے کا الزام لگایا ہے۔