کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب کے بیان نے عمران خان نیازی کے کردار کو بے نقاب کردیا ہے اور عمران خان نے3 سال میں جو تباہی کی ہے سارے راز فاش ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو قرضوں کی ایک ایک پائی کا حساب دینا ہوگا اور اس چور چوکیدار نے ملک کے سارے اثاثے بیچ ڈالے ہیں۔ شازیہ مری نے کہا کہ اپوزیشن بار بار کہتی رہی کہ آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدے پارلیمنٹ میں لائے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کی غلامی میں عمران خان نے تمام حدیں پار کردی ہیں جبکہ عمران خان چوروں کی طرح پارلیمنٹ سے بھاگتے رہے۔