حق دو گوادر کو ،جماعت اسلامی بلوچستان کے ذمہ داران کو گوادر پہنچنے کی ہدایت

365
گوادر: حق دو گوادر کو تحریک کے سلسلے میں کوسٹل ہائی وے پر دھرنا جاری ہے‘ چھوٹی تصویر میں ہڑتال کے باعث دکانیں بند ہیں

کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے جماعت اسلامی بلوچستان کے ہرسطح کے ذمے داران کو گوادر پہنچنے کی ہدایت کی ہے، ان کی ہدایت پر آج گوادر دھرنے میں شرکت کے لیے صوبے بھر سے جماعت اسلامی کے امرائے اضلاع کی قیادت میں وفودروانہ ہوں گے۔امیر صوبہ مولانا عبدالحق ہاشمی نے امرائے اضلاع کو ہدایت کی ہے کہ حق دو گوادر کوتحریک جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی قیادت میں گزشتہ 18 دن سے گوادرمیں عوام کے آئینی حقوق،صحت تعلیم کی سہولیات کی فراہمی،اورساحلی علاقوں میں غیر قانونی فشنگ مافیاکے ساتھ گٹھ جوڑ،نیز سرحدی ذرائع روزگار مسدودکرنے اوربے ضابطہ چیک پوسٹوں کے خلاف کامیابی سے جاری ہے۔ الحمداللہ حق دو گوادر کوتحریک کو گوادرمکران کے عوام خواتین اورنوجوانوں سمیت ہر طبقے کی حمایت حاصل ہے ۔امرائے اضلاع وفود بناکر گوادر جائیں اور صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی قیادت میں ہونے والے دھرنے میں شرکت کریں ۔دریں اثنا جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولاناعبدالحق ہاشمی نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ صوبائی حکومت گوادر پرچڑھائی کرنے کے بجائے پرامن مزدور پیشہ اورمحب وطن دھرنے کے شرکا کے مسائل حل کرنے پرتوجہ دے، پورے صوبے کی پولیس کو گوادربھیجنے کاکوئی جوازنہیں، نہتے اورمظلوم عوام کو خوفزدہ کرنا شرمناک عمل ہے ضروری ہے کہ حکومتی وسائل غیرقانونی فشنگ ،چیک پوسٹوں اور بے روزگاری کے خاتمے میں استعمال ہوں نہ کہ ڈرانے ،دھمکانے اور زبردستی چپ کرانے میں استعمال ہوں۔پولیس گردی سے مسائل حل ہونے کے بجائے نفرت اورتعصب پیداہوگی اورخدانخواستہ حالات کنٹرول سے باہرہوجائیں گے۔انہوں نے کہاکہ گوادر کے مظلوم عوام کے ساتھ پورابلوچستان ہے ان شاء اللہ حقوق کی تحریکیں اب ہر ڈویژن اورضلع سے شروع ہوگی حکمران عوام کو دبانے ،پولیس گردی کے بجائے دیرینہ سلگتے مسائل حل کرنے پر توجہ دیں عوام2 وقت کے روٹی کو ترس رہے ہیں، اللہ تعالیٰ نے ساحل سمندر دیا ہے جس سے عوام کو کچھ روزگار میسرہے لیکن حکمران ٹرالر مافیاسے رشوت وبھاری رقوم لے کر مچھیروں وعوام سے یہ روزگار بھی چھیننا چاہتاہے ۔وفاق وصوبائی حکومت اور باختیار طبقات کی جانب سے ٹرالر مافیاکو غیرقانونی کام کی اجازت دے دی گئی ہیں جو سمندری حیات کی نسل کشی کے ساتھ چھوٹے کاروباری حضرات ،مچھیروں اورعوام سے روزگار چھین رہے ہیں ۔جماعت اسلامی کے رہنما مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے عوام کو حقوق کے حصول کے لیے منظم کیا ہے ۔