عدالت عظمیٰ کا آغا سراج درانی کو سرینڈر کرنے کا حکم،نیب نے گرفتار کرلیا

433
اسلا م آباد:اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو نیب اہلکار عدالت عظمیٰ کے باہر سے گرفتار کرکے لے جارہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)عدالت عظمیٰ کی جانب سے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو سرینڈر کرنے کا حکم دینے کے بعد نیب نے انہیں عدالت کے باہر سے گرفتار کرلیا۔پی پی رہنما نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ضمانت کے لیے عدالت عظمیٰ سے رجوع کررکھا ہے جہاں جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے ان کی درخواست پرسماعت کی۔دوران سماعت جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ نے میرٹ پر آغا سراج درانی کی ضمانت منسوخ کی، ہائیکورٹ کے حکم پر عمل کے بغیر عدالت عظمیٰ اس پر سماعت نہیں کرے گی۔جسٹس سجاد علی شاہ نے کہا کہ جب ہائیکورٹ نے ضمانت منسوخ کی تو آپ کو جیل میں ہونا چاہیے تھا، آغا سراج درانی نے گرفتاری کیوں نہیں دی؟ ہم آپ کو خصوصی رعایت کیوں دیں؟عدالت نے آغا سراج درانی کو نیب کے سامنے سرینڈر کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آغا سراج پہلے سندھ ہائیکورٹ کے حکم پرعمل کریں اور نیب کو گرفتاری دیں اس کے بعد آئندہ ہفتے ان کا کیس سنیں گے۔عدالت نے اسپیکر سندھ اسمبلی کو احاطہ عدالت سے گرفتار نہ کرنے کی استدعا بھی مسترد کردی۔آغا سراج کے وکیل عامر نقوی نے عدالت سے کہا کہ ہم نے آپ کے سامنے خود کو سرینڈر کردیا ہے، اس پر جسٹس عمر عطا کا کہنا تھا کہ نہیں آپ نیب کے سامنے سرینڈر کریں، ہم نے پہلے بھی آپ کو رعایت دی تھی، ہائیکورٹ کا فیصلہ آپ کے خلاف کھڑا ہے۔آغا سراج کے وکیل کا کہنا تھا کہ بیان حلفی دے دیتے ہیں عدالت عظمیٰسے گرفتارنہ کیا جائے،خود سندھ میں گرفتاری دیں گے، اس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ ہم نیب کے امور میں مداخلت نہیں کریں گے،یہ نیب کا اپنا معاملہ ہے،گرفتاری کے معاملے میں کوئی مداخلت نہیں کریں گے۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔عدالتی حکم کے بعد اسپیکر سندھ اسمبلی کئی گھنٹے عدالت عظمیٰ میں موجود رہے اور نیب ٹیم ان کی گرفتاری کے لیے عدالت کے باہر موجود تھی لیکن عدالت سے باہر آنے پر نیب حکام نے آغا سراج درانی کو گرفتار کرلیا۔واضح رہے کہ نیب کی ٹیم نے کراچی میں آغا سراج درانی کے گھر پر چھاپہ مارا تھا اورنیب کی ٹیم کئی گھنٹوں تک ان کے گھر پر موجود رہی تھی لیکن آغا سراج درانی کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی تھی جس کے بعد وہ اچانک غائب ہوگئے۔آغا سراج درانی جمعہ کے روز اپنی درخواست ضمانت کی سماعت کے موقع پر اچانک عدالت عظمیٰ میں منظر عام پر آئے۔اسپیکر سندھ اسمبلی پر آمدن سے زائد اثاثوں کے نیب ریفرنس میں فرد جرم بھی عاید کی جاچکی ہے۔