ایرانی کمانڈر نےامریکہ کو واضح دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ بہتر ہے خود علاقے سے نکل جاؤ ورنہ نقصان اٹھاؤگے‘افغانستان میں 20سالہ جارحیت کے بعد امریکہ کا ذلت آمیز انخلا بڑی ناکامی ہے‘امریکہ خود سے نہ گیا توانہیں اس خطے میں افغانستان میں پیش آنے والی بدترین صورتحال سے زیادہ بری صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: ایران نے یورینیم افزودگی پر کام شروع کر دیا ہے ،آئی اے ای اے
کمانڈر کا کہنا تھا کہ کوئی حماقت کی گئی تو ایرانی مسلح افواج انہیں دنداں شکن جواب دینگی۔ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاآنی نے خطے میں موجود امریکیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ خود سے جلد از جلد علاقے سے باہر نکل جائیں۔ ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وہ خود سے علاقہ چھوڑ کر نہ گئے تو پھر انہیں اسکی سخت قیمت چکانا ہوگی۔
سپاہ قدس کے کمانڈر نے امریکیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے امریکیوں کے لئے واضح کر دیا ہے کہ انکے پاس ابھی بھی وقت ہے کہ وہ خود سے علاقے کو چھوڑ دیں ورنہ انہیں اس خطے میں افغانستان میں پیش آنے والی بدترین صورتحال سے زیادہ بری صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے امریکیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح تم ماضی میں من مانی کیا کرتے تھے اب اْس طرح تم اپنی من مانیاں نہیں کر پاؤگے اور یہ زمانہ اب گزر چکا ہے۔
شہید قاسم سلیمانی کے جانشین کمانڈر نے امریکیوں پر واضح کیا کہ اب مار کر بھاگ نکلنے کا دور ختم ہوا اور اگر کوئی حماقت انکی جانب سے ہوتی ہے تو اْس کا دنداں شکن جواب ایران کی مسلح افواج انہیں دیں گی۔ انہوں نے افغانستان میں بیس سال جارحیت کے بعد امریکہ کے ذلت آمیز انخلا کو اسکی ایک بڑی ناکامی سے تعبیر کیا۔ ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر نے پابندیوں اور دھمکیوں پر مبنی امریکی پالیسیوں کو بے سود قراد دیا اور کہا کہ امریکہ ان دو حربوں سے ایران سے کچھ حاصل نہیں کر سکے گا۔