اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ(ن)کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے، پاکستان کے مسائل جھوٹ سے حل نہیں ہوں گے، حکومت کے فیصلے کرپشن پر مبنی ہوتے ہیں، انہیں اپنی ناکامی قبول کرتے ہوئے شفاف انتخابات کرانے چاہییں،ملک میں مہنگائی سے بڑی نیشنل سیکورٹی کونسی ہے،دفاع کے اخراجات اور تنخواہوں کے لیے بھی قرضے لینے پڑ رہے ہیں، یہ کرپشن اور نالائقی کا اہم نمونہ ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت عوام کے سامنے اعتراف کرے کہ وہ ناکام ہوچکی ہے،جہاں لوگ سلیکٹڈ ہوں اور ووٹ چوری کرکے آئے ہوں انہیں عوام کی پروا نہیں ہوتی، جس طرح حکومت چل رہی ہے جلد
ملک مہنگائی میں پہلے نمبر پر ہوگا۔شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ حالات کو درست کرنے کے لیے فوری شفاف انتخابات کے سوا کوئی راستہ نہیں، حکومت کے اعداد و شمار پر کوئی ادارہ یقین کرنے کو تیار نہیں، نومبر میں گزشتہ سال کی نسبت مہنگائی میں 11 فیصد سے زاید اضافہ ہوا ہے، غریب کے گھرکے اخراجات میں ایک سال میں 18فیصد اضافہ ہوا، یہ کہنا کہ دنیا میں مہنگائی ہو رہی ہے یہ منطق عوام کو قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک کے مقابلے میں پاکستان میں2گنا زیادہ مہنگائی ہے، 200ممالک میں پاکستان مہنگائی میں تیسرے نمبر پرہے،اس حکومت کے18 ترجمان ہیں،ان کا مقصد صرف جھوٹ بولنا ہے،پاکستان کے مسائل جھوٹ سے حل نہیں ہوں گے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان اور ان کی حکومت کی واحد کامیابی یہ ہے کہ انہوں نے دنیا کے200ممالک میں مہنگائی میں ملک کو تیسرے نمبر پر لاکھڑا کیا ہے اور جب تک یہ جائیں گے اس وقت تک ملک میں مہنگائی کی سطح پہلے نمبر پر پہنچ جائے گی اوریہ ان کی واحد کامیابی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے ملک کو تباہ کردیا اور ان کا کوئی وزیر یہ بتانے کو تیار نہیں ہے کہ اس ملک میں مہنگائی کی کیا وجوہات ہیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ ہر وہ شخص جس کو عوام نہیں جانتے وہ اس حکومت کا ترجمان ہے اور یہ حکومت سے اپوزیشن کو برا بھلا کہنے اور جھوٹ کے لیے پیسے لیتے ہیں۔سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اب گالم گلوچ اور جھوٹ سے کام نہیں چلے گا اور نہ ہی مسائل حل ہوں گے، پاکستان کے مسائل کوشش کرنے سے حل ہوسکتے ہیں اور اس کا صرف ایک راستہ ہے وہ راستہ یہ ہے کہ ملک میں شفاف اور فوری انتخابات کرائے جائیں۔